Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کا موسم کب تک خوشگوار رہے گا، چیف میٹرولوجسٹ نے بتا دیا

شہر میں رات اور صبح کے وقت پھوار اور ہلکی بونداباندی ہورہی ہے
اپ ڈیٹ 12 اگست 2023 12:05am

کراچی کا موجودہ موسم جو چل رہا ہے اس میں بادلوں کا راج ہے اور کبھی تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں، ایسے موسم میں بہت زیادہ امکان ہوتا ہے کہ ہلکی بارش اور پھوار ہو، یہ زیادہ تر رات اور صبح کے اوقات میں ہوتا ہے۔

کراچی کے موسم کے حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ شہر میں آئندہ 10 سے 15 روز تک اسی طرح کا موسم رہنے کا امکان ہے، اور یہ بھی ممکن ہے اگست کا پورا ماہ یہی موسم رہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں جولائی کے اواخر سے اگست کا پورا ماہ اور ستمبر کے شروع کے دن عموماً اسی طرح کا موسم رہتا ہے، جس میں رات دیر کے اوقات اور صبح کے وقت پھوار اور ہلکی بوندا باندی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں ملک بھر میں ہونے والی مون سون کی بارشیں کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی برستی رہیں، تاہم اب وہ بارشیں پاکستان کے شمال مشرقی علاقوں لاہور، گوجرنوالہ سیالکوٹ، اسلام آباد خیبر پختون خوا، کشمیر اور گلگت کی جانب منتقل ہو گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سے لے کر سندھ تک ابھی موسم خشک ہے، اور آئندہ 10 سے 15 روز تک کراچی سمیت ان تمام علاقوں میں مون سون بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے، اور کراچی کا موسم اسی طرح رہے گا، جب کہ شہر کا درجہ حرارت 31، 32 اور کبھی 33 سینٹی گریڈ تک بھی جاسکتا ہے۔

karachi weather

rainy weather