Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی صدر نے چین کو معاشی مسائل پر ’ٹائم بم‘ قرار دے دیا

ان کے پاس کچھ مسائل ہیں، لیکن ملک کی شرح نمو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، بائیڈن
شائع 11 اگست 2023 08:11pm
فوٹو ـــ روئٹرز
فوٹو ـــ روئٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن نے چین کو معاشی چیلنجز کی وجہ سے ٹائم بم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمزور شرح نمو کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن ان دونوں ریاست یوٹاہ میں وقت گزار رہے ہیں، جہاں ایک سیاسی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے ایک بار پھر چین پر تنقید کی۔

جو بائیڈن نے چین کی جی ڈی پی نمو کو غلط قرار دیتے ہوئے اس کی معیشت کو ’ٹائم بم‘ قرار دیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ’’ان کے پاس کچھ مسائل ہیں، کمزور ترقی سمیت معاشی چیلنجز ہیں لیکن ملک کی شرح نمو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

بائیڈن نے کہا کہ یہ اچھا نہیں ہے کیونکہ جب برے لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ برے کام کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بائیڈن نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ وہ چین کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے ہیں اور ملک کے ساتھ معقول تعلقات چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر حالیہ دنوں چین کو ہدف تنقید بنارہے ہیں، جون میں بھی ایک تقریب سے خطاب میں بائیڈن نے چینی صدر شی جن پنگ کو ’ڈکٹیٹر‘ قرار دیا تھا۔ جس کے رد عمل میں چین نے امریکی صدر کے بیان کو اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔

اس کے علاوہ ایک روز قبل صدر بائیڈن نے امریکی کمپنیوں کی چین میں سرمایہ کاری پر پابندی لگا دی تھی۔ امریکی صدر نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت چین میں حساس ٹیکنالوجی میں امریکی سرمایہ کاری پر پابندی عائد کی گئی، ساتھ ہی دیگر ٹیک سیکٹرز میں فنڈنگ ​کے لیے حکومت کی اجازت کی شرط عائد کی گئی۔

یوٹاہ میں تقریب سے خطاب میں امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ترقی کو برقرار رکھنے کے لئے چین سالانہ 8 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا تھا۔ اب یہ سالانہ 2 فیصد کے قریب ہے۔

چین کے قومی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں معیشت میں 4.5 فیصد اور دوسری سہ ماہی میں 6.3 فیصد اضافہ ہوا، پہلی سہ ماہی میں 2.2 فیصد اضافے کے بعد اپریل سے جون کے دوران مجموعی گھریلو پیداوار میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں صرف 0.8 فیصد اضافہ ہوا۔

china

USA

CHINA vs USA