Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سندھ اسمبلی کا الوداعی اجلاس، وزیر اعلیٰ کی پی ٹی آئی پر تنقید

سندھ کابینہ کا ضروری بھرتیوں کے علاوہ تمام بھرتیوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
اپ ڈیٹ 11 اگست 2023 09:43pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

سندھ اسمبلی کا تحلیل سے قبل اجلاس ہوا۔ جس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سندھ کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا۔

سندھ اسمبلی کے الوداعی اجلاس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ گورنرسندھ کو آج اسمبلی تحلیل کی درخواست دوں گا، اس اسمبلی اور حکومت کو چلنے سے روکا گیا، اسپیکر اسمبلی کو قیدوبند کی صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ارکان اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی تاریخ ساز اسمبلی ہے، ایوان میں ریکارڈ قانون سازی اور کام ہوئے ہیں، خیرو عافیت سے 5 سال مکمل ہوئے، لیکن یہ پانچ سال اتنے آسان نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں، ریکارڈ وقت میں اسپتال بنائے۔

سندھ کا نگراں وزیر اعلیٰ کون ہوگا

وزیراعلیٰ سندھ اور اپوزيشن لیڈر کے درمیان ملاقات آج ہونے کا امکان ہے۔

اسپیکرکی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں رعنا انصار اور مرادعلی شاھ کی ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سے متعلق دونوں رہنما مشاورت کریں گے، دونوں فریقین کی جانب سے مختلف ناموں پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نگراں وزیراعلیٰ سندھ کون؟ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے درمیان ناموں پر مشاورت

صوبائی حکومت کی جانب سے ممتاز علی شاہ، جسٹس مقبول باقر اور صدیق میمن کے نام لیے جا رہے ہیں، جبکہ اپوزيشن کی جانب سے یونس ڈھاگا، شعیب صدیقی اور فضل اللہ قریشی کے نام شامل ہیں۔

کابینہ کا نگراں حکومت کے دوران سرکاری ملازمتوں کی بھرتیوں پر پابندی کا فیصلہ

صوبائی اسمبلی سے قبل سندھ کابینہ کا الوداعی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری بھرتیوں کے عمل اور ڈونر ایجنسیوں کے تعاون سے شروع کیے گئے ترقیاتی پروجیکٹس میں ضروری بھرتیوں کے علاوہ تمام بھرتیوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ اجلاس سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ 2018 میں حکومت بننے کے ساتھ ہی پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو غیر مستحکم کرنےکے لیے سازشوں کا آغاز کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے کورونا کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی، جبکہ صحت سمیت مختلف شعبوں میں مثالی کام کیا۔

اس سے قبل مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے عملے، صوبائی وزرا، مشیروں ، معاونین خصوصی اور دیگر افسران کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

Sindh Assembly

Syed Murad Ali Shah

Sindh Caretaker setup