Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیوٹرل سے کیسے نمٹنا ہے، بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری میں تحریر منصوبہ سامنے آگیا

مبینہ ڈائری میں عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ ڈالنے کا منصوبہ بھی شامل ہے
اپ ڈیٹ 11 اگست 2023 06:52pm

چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مبینہ ڈائری سے عدلیہ، فوج اور حکومت سے متعلق حیران کُن انکشافات سامنے آئے ہیں۔

معروف کالم نگار اور اینکر پرسن جاوید چوہدری کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ڈائری خود دیکھی ہے جس میں ایک ’ماموں‘ کا بار بار ذکر ہے۔

آج نیوز آزادنہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ ڈائری بشریٰ بی بی کی ہی ہے۔

جمعہ کو سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق بشریٰ بی بی کی ڈائری سے ’ناقابل تردید اور چشم کشا انکشافات‘ منظرعام پر آئے ہیں، ڈائری میں واضح طور پر درج ہے کہ عدلیہ ،فوج اور حکومت پر کون کیسے دباؤ ڈالے گا۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کالم نگار جاوید چوہدری نے کہاکہ یہ ڈائری انہوں نے خود دیکھی ہے۔ یہ ڈائری کسی دوسرے ملک نے گفٹ کی تھی اس پر 2023 لکھا ہے۔

بشریٰ بی بی نے یہ ڈائری دائیں سے بائیں اردو میں تحریر کی ہے۔

جاوید چوہدری کے مطابق ڈائری 5 اگست کو اس وقت ملی تھی جب پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔

اس دوران بشریٰ نے جلدی سے آدھے صفحات پھاڑ دیے۔ بارہ جولائی سے پہلے کے صفحات پھینک دیے، کچھ کموڈ میں چلے گئے اور کچھ انہوں نے باریک پرزوں میں تبدیل کردیے لیکن وہ بھی مل گئے ہیں اور انہیں جوڑا جا رہا ہے۔

جاوید چوہدری کے مطابق آدھے صفحات پھٹے ہوئے ہیں لیکن کچھ موجود ہیں جن پر اہم باتیں لکھی ہیں۔

ڈائری میں بار بار’ماموں’ کا ذکر ہے جو شاید جنرل باجوہ کے لیے ہے۔

جاوید چوہدری نے کہا کہ 12 جولائی سے جو صفحہ شروع ہو رہا ہے اس پر ذکر ہے کہ نیوٹرل سے کیسے نمٹنا ہے۔ وہاں پر ایک تصویر بھی بنائی ہوئی ہے۔ بشریٰ نے یہ بھی لکھا کہ جلسے کیسے ہینڈل کرنے ہیں۔ گانے صرف ’حب الوطنی‘ پر مبنی ہونے چاہیئں۔

ڈائری کے بعض صفحات کے عکس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بشریٰ بی بی نے مبینہ طور پر گورنرراج، پہیہ جام اورشہر بند کرنے کی تیاری کے حوالے سے بھی باتیں ڈائری میں تحریر کیں۔

رپورٹس کے مطابق بشریٰ بی بی نے دعائیہ الفاظ کے ذریعے عمران خان کی ذہن سازی کی اور اس مقصد کیلئے دعا بھی کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو باغیانہ الفاظ استعمال کرائے گئے۔

ڈائری سے سامنے آیا ہے کہ بشریٰ بی بی چیئرمین پی ٹی آئی کو ہدایت دیتی رہیں کہ کن الفاظ میں اور کیا دعا کرنی ہے، فضا بنا کرعدلیہ پراتنا دباؤ ڈالا جائے کہ منفی فیصلہ نہ آئے۔

تحریر سے ثابت ہوتا ہے کہ بشریٰ بی بی چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی ڈکٹیشن دیتی رہیں۔

دعوے کے مطابق ڈائری میں یہ انکشافات بھی سامنے آئے کہ کس کو کیسے چلانا ہے؟حکومت،اسٹیبلشمنٹ،عدلیہ کوکیسےدباؤمیں لاناہے ۔عدلیہ،فوج اورحکومت پرکون اور کب دباؤ ڈالے گا۔

ڈائری کے مطابق بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق فیصلے کرتی رہیں اورعمران خان تمام فیصلے و اقدامات انہی کے حکم پرکرتے رہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم مکمل طور پر بشریٰ بی بی کے زیرتسلط تھے، وہ انہیں کنٹرول کرتی رہیں۔

مبینہ ڈائری میں یہ بھی لکھا ہے کہ عمران خان صبح قہوہ، شہد اور جوس پیئں گے۔ دوپہر کو کباب، گوشت اور مچھلی کھانی ہے، اور دودھ صرف رات کو 12 بجے ہی پینا ہے۔

مبینہ ڈائری کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اہلیہ کی باتیں مانتے تھے، بشری بی بی تمام معاملات میں مشورے دیتی تھی وکلاء اور چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتی مشورے بھی وہی دیتی تھیں۔

وہ چیئرمین پی ٹی آئی کو مخصوص دعائیہ کلمات پڑھنے کی ہدایت بھی کرتیں۔

imran khan

bushra bibi

BUSHRA BIBI'S DIARY