Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودی عرب بلوچستان میں اربوں ڈالر کی ریکوڈک کان خرید رہا ہے، وال اسٹریٹ جرنل

بیرک گولڈ سے مذاکرات جاری ہیں، خلیجی ممالک پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والے ہیں، امریکی اخبار
اپ ڈیٹ 11 اگست 2023 03:06am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب بلوچستان کی ریکوڈک کان خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے جو کینڈین کمپنی بیرک گولڈ 7 ارب ڈالر سے تیار کر رہی اور اس معاملے پر بیرک گولڈ کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

وال اسٹریٹ جنرل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ خلیجی ممالک پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

ریکوڈک منصوبے سے واقف افراد کے حوالے سے اخبار نے کہا کہ کان میں پاکستانی حکومت کا جو 50 فیصد حصہ ہے وہ سعودی عرب خرید سکتا ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب مغربی پاکستان میں کینیڈا کے بیرک گولڈ کی جانب سے سات ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کی جانے والی بڑی کان خریدنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ریکوڈک کان بیرک گولڈ اور حکومت پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے جو ملک کے ایک دور افتادہ علاقے میں واقع ہے۔ ریکوڈک کان کو فی الحال ایک طویل قانونی لڑائی کے بعد بیرک گولڈ کی طرف سے تیار کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں حکام اور ماہرین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کان کنی کے مواقع میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات زراعت، صاف توانائی اور لاجسٹکس پر سب سے زیادہ توجہ دے رہا ہے۔

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کے لیے خلیجی ممالک کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے کیونکہ اسلام آباد اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں زرعی انقلاب آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا وژن ہے، وزیراعظم

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان، تیل کی دولت سے مالا مال خلیجی حکمرانوں کو اپنی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے سرمایہ کاری کی طرف راغب کررہا ہے، جس کا ایک مقصد غیر ملکی کرنسی کو ملک میں لانا بھی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اسلام آباد اور خلیجی حکام کے مطابق پاکستان میں سعودی آئل ریفائنری کے قیام کے لیے مذاکرات آخری مراحل میں ہیں جس پر 14 ارب ڈالر لاگت آسکتی ہے۔

pakistan economy

Pakistan UAE Relation

Reko Diq Mine

Saudi investment in Pakistan