Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

لکی مروت میں پولیس کی مظاہرین پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

مظاہرین نے لاش سڑک پر رکھ کر پشاور کراچی انڈس ہائی وے بلاک کردیا
شائع 10 اگست 2023 11:13am
فوٹو:آج نیوز
فوٹو:آج نیوز

درہ پیزو میں پولیس کی مظاہرین پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے، لواحقین اور اہل علاقہ نے لاش سڑک پر رکھ کر پشاور کراچی انڈس ہائی وے بلاک کردیا۔

لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں مبینہ طور پر پولیس کی مظاہرین پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔

فائرنگ سے جاں ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق شخص گولی لگنے سے جاں بحق ہوا ہے۔

نمائندہ ”آج نیوز“ کے مطابق درہ پیزو کے اہل علاقہ اور سیمنٹ فیکٹری کے مابین ترقیاتی کاموں کا معاہدہ ہوا تھا، تاہم فیکٹری منتظمین کی جانب سے معاہدے کی پاسداری نہ ہونے پر اہل علاقہ احتجاج کررہے تھے۔

احتجاجی مظاہرین سیمنٹ فیکٹری کے سامنے
احتجاجی مظاہرین سیمنٹ فیکٹری کے سامنے

احتجاجی مظاہرین کو منشتر کرنے کے لئے پولیس نے 4 مظاہرین کو گرفتار کرلیا، جس پر عوام مشتعل ہوگئے اور تھانے کی جانب جانے کی کوشش کی، جس پر مبینہ طور پر پولیس نے فائرنگ کردی اور ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب پولیس حکام نے ”آج نیوز“ کو بتایا کہ مظاہرین تھانے پر حملہ کرنے جارہے تھے اور انہوں نے پولیس پر فائرنگ کی، پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی، تاہم یہ واضح نہیں کہ جاں ہونے والا شخص پولیس کی فائرنگ سے مرا۔

واقعے کے بعد اہل علاقہ اور جاں بحق شخص کے لواحقین نے لاش شاہراہ پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا ہے، اور پشاور کراچی انڈس ہائی وے بلاک کردیا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

kp police

KPK Police

lakimarwat