Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نادیہ جمیل نے رضوانہ تک اس کی ’ڈولی‘ پہنچادی

سول جج کی اہلیہ کے مبینہ تشدد کا شکار رضوانہ نے گڑیا کی فرمائش کی تھی
اپ ڈیٹ 09 اگست 2023 01:14pm
تصویر: نادیہ جمیل/ٹوئٹر
تصویر: نادیہ جمیل/ٹوئٹر

پاکستان شوبزکی سینئر اداکارہ اورسوشل ایکٹوسٹ نادیہ جمیل نے سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے والی رضوانہ کو اس کی فرمائش پر گڑیا کا تحفہ دیا۔

13 سالہ رضوانہ نے اداکارہ سے گزشتہ روز ملاقات کے دوران معصومیت بھری آوازمیں کہا تھا کہ، ’گڑیا چاہئیے‘۔

نادیہ جمیل نے بچی سے پوچھا تھا کہ اُسے کیا چاہیئے۔

نادیہ جمیل نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرتصاویرشیئرکیں جن میں رضوانہ کا چہرہ نہیں دکھایا گیالیکن اس کے بسترپررکھی گڑیا واضح ہے۔

اداکارہ نے لکھا ’رضوانہ کو اس کی گڑیا پہنچا دی گئی ہے، اس دوران اس کی پٹیاں بدلی جا رہی تھی اور وہ شدید درد میں تھی، لیکن اس نے اپنی پہلی گڑیا دیکھ کرخوشی سے کہا تھا کہ وہ اسے اپنے بستر کے پاس کھڑا رکھنا چاہتی ہے‘۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ، ’اس کی مسکراہٹ بہت خوبصورت ہے لیکن اس کے سامنے کے دانت ٹوٹ چکے ہیں، اس کے زخم اب بھی موجود ہیں،وہ درد ناک تکلیف میں مبتلا ہے‘۔

مزید پڑھیں: اتنی نفرت لے کر کہاں جاو گے؟ قبر میں !سجل علی

پاکستانی اداکارہ کی بچوں سے ملازمت نہ کروانے کی اپیل

رضوانہ تشدد کیس پر جے آئی ٹی تشکیل، کسٹڈی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سپرد

سوشل ایکٹوسٹ رضوانہ کی حالت دیکھ کر آبدیدہ ہوگئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ، ’ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ یہ زخم کافی عرصے تک رہیں گے، کچھ وقت کے لئے انفیکشن بھی رہے گا، زخم بیرونی اور اندرونی دونوں طرح کے ہیں‘۔

نادیہ نے اپنے مداحوں سے رضوانہ کیلئے دعاؤں کی درخواست بھی کی ۔

گزشتہ روز اداکارہ نے 13 سالہ رضوانہ سے ملاقات کی تھی، جس کا احوال انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شئیر کیا تھا۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو سرگودھا سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ کے ساتھ بدترین تشدد کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔

تشدد کرنے والی ملزمہ صومیہ عاصم سول جج کی اہلیہ ہیں جن کے خلاف مقدمہ زیرسماعت ہے۔

Child Abuse

lifestyle

Nadia Jamil

rizwana