کراچی: فش ہاربر پر فیکٹری میں امونیا گیس کا سلنڈر پھٹ گیا، 19 افراد متاثر
کراچی میں فش ہاربر پر فیکٹری میں امونیا گیس کا سلنڈر پھٹ گیا، گیس کے اخراج سے 19 افراد متاثر ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فوڈ فیکٹری میں گیس دھماکے کا نوٹس لے لیا۔ کمشنر اور وزیر لیبر سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
کیماڑی میں نجی فیکٹری میں امونیا گیس کا سلنڈر پھٹنے سے فیکٹری میں زہریلی گیس چاروں طرف پھیل گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں 19 افراد متاثر ہوئے، متاثرہ افراد میں 12 خواتین بھی شامل ہیں۔
متاثرہ افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایم ایس سول اسپتال کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس ڈی پی او کیماڑی کے مطابق نیشنل سی فوڈ پرائیویٹ لمیٹڈ ویسٹ وہارف کمپنی کے اندر امونیا گیس کا پائپ لیک ہوا ۔ جس سے بارہ کے قریب خواتین ورکرز بے ہوش ہوئیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعہ کے بعد کمپنی کے انجینئرز پہنچے اور مرمت کا کام شروع کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے فش ہاربر کی فوڈ فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ فیکٹری میں دھماکے کی تفصیلات سے فوراً آگاہ کریں۔
انھوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ 11 خواتین کی حالت تشویشناک ہے۔ تمام زخمی خواتین کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے 18 اموات کیسے ہوئیں
وزیراعلیٰ نے محکمہ فوڈ سے فیکٹری کا معائنہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ فیکٹری میں ناکارہ گیس سلنڈر پائے جائیں تو فوراً سیل کریں۔
Comments are closed on this story.