Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹریک پر لکڑی کا جوڑ یارڈ ایریا میں انسولیشن کیلیے لگایا جاتا ہے، پاکستان ریلوے کی وضاحت

پاکستان ریلوے نے گریڈ 18 کے 2 افسران سمیت 6 ملازمین معطل کردیئے
شائع 08 اگست 2023 04:41pm
فوٹو:آج نیوز
فوٹو:آج نیوز

پاکستان نے ریلوے نے ہزارہ ایکسپریس حادثے کو لکڑی ٹوٹنے کی وجہ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریک پر لکڑی کا جوڑ یارڈ ایریا میں انسولیشن کیلیے لگایا جاتا ہے، اور یہ جوڑ سگنلنگ کی معاونت کیلیے استعمال ہوتا ہے۔

5 اگست کو ہزارہ ایکسپریس نواب شاہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی تھی اور اس سانحے میں 30 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے، حادثے کی جوائنٹ سرٹیفیکیٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ ٹریک کو آپس میں جوڑنے کے لیے فش پلیٹ موجود نہیں تھی، حادثے کی وجہ پٹری کا ٹوٹنا اورفش پلیٹ نہ ہونا تھا۔

مزید پڑھیں: نہر کے کنارے بکھری، الٹی بوگیاں، ایمبولینسوں کی قطاریں

ہزارہ ایکسپریس حادثہ تخریب کاری نہیں، پٹری ٹوٹنے اور فش پلیٹ نہ ہونے سے پیش آیا، تحقیقاتی رپورٹ

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ٹوٹی پٹری کی جگہ لکڑی کا ٹکڑا لگایا گیا تھا، تاہم پاکستان ریلوے نے اس حوالے سے وضاحت پیش کردی ہے اور کہا ہے کہ ٹریک پر لکڑی کا جوڑ یارڈ ایریا میں انسولیشن کیلیے لگایا جاتا ہے، اور یہ جوڑ سگنلنگ کی معاونت کیلیے استعمال ہوتا ہے۔

**مزید پڑھیں: ** سب سے زیادہ ٹرین حادثات سکھر ڈویژن میں کیوں ہوتے ہیں

پاکستان ریلوے نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں باقاعدہ طور پر ٹریک کے نیچے لگی لکڑی کو دکھاتے ہوئے بتایا جارہا ہے کہ ٹریک پر لگے لکڑی کے جوڑ کے پاس ایک الیکٹرک تار بھی ہوتا ہے، چونکہ ٹریک الیکٹرائیفائڈ ہوتا ہے اور یہ تار اس کی الیکٹریفکیشن کو کنٹرول کرنے کے لئے انسولیشن درکار ہوتی ہے، اور لکڑی ہی ایک بہترین میٹریل ہوتی ہے، اس بات کو ایک الیکٹریشن بہتر طور پر واضح کرسکتا ہے۔

پاکستان ریلوے نے افسران سمیت 6 ملازمین کو معطل کردیا

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں غفلت کے مرتکب 18 گریڈ کے دو افسران سمیت 6 ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ہونے والوں میں گریڈ 18 کے 2 اور گریڈ 17 کا ایک افسر بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق معطل ہونے والوں میں سکھر کے ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر حافظ بدر العرفین، نوابشاہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر مشرف مجید، کوٹری کے پاور کنٹرولر بشیر احمد، کراچی ڈیزل ورکشاپ کے عاطف اشفاق، شہداد پور کے پرمیننٹ وے انسپکٹر محمد عارف اور گینگ مین غلام محمد شامل ہیں۔

لاہور سے ٹرینوں کا شیڈول تاحال متاثر

ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کے دو روز گزر جانے کے بعد بھی لاہور سے ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہے۔

مزید پڑھیں: زخمی اہلیہ کو ٹرین سے نکالنے میں بے بس تھا، پھر تین افراد پہنچ گئے، مسافروں پر کیا بیتی

ریلوے حکام کے مطابق کراچی ایکسپریس 16ڈاون رات 9 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی، تیز گام 8 ڈاون راولپنڈی سے کراچی کیلئے 3 بج کر 25 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی، اور علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ سے کراچی کیلئے 5 بج کر 15 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔

train schedule

train station

Train Accidents

Hazara Express

Hazara Express derailment