Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل : ’اغوا گردی کو ایک لیگل پروٹیکشن حاصل ہوگی‘

سینیٹ انتخابات سے پہلے عام انتخابات ہوجائیں گے، وزیر قانون
شائع 07 اگست 2023 11:22pm

نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ محسن داوڑ کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج قومی اسمبلی میں پاس ہونے والے آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل 2023 کی ایوان میں مخالفت کی ہے، انہوں نے بل کے حق میں ووٹ دینے سے بھی انکار کیا۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے محسن داوڑ نے کہا کہ بل کے متن کے مطابق ’آپ کسی بھی آدمی پر ہاتھ ڈال سکتے ہیں‘، اس بل سے ’اغوا گردی کو ایک لیگل پروٹیکشن (قانونی تحفظ) حاصل ہوگی‘۔

محسن داوڑ نے کہا کہ المیہ یہ ہے ہمارے سیاست دان ماضی سے سبق نہیں سیکھتے، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بھی ایک ضمنی قانون آیا تھا کہ کسی ادارے کے خلاف کوئی بولے گا تو اسے پانچ سال کی سزا ہوگی۔ یہ بل امجد خان نیازی لے کر آئے تھے اور ہم نے اس پر بحث کرتے ہوئے کہا بھی تھا کہ یہ ایک دن آپ ہی کے خلاف استعمال ہوگا۔

مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے مردم شماری 2023 کے نتائج کو اجازت دیے جانے اور خیبر پختونخوا خصوصاً نئے ضم شدہ اضلاع میں تحفظات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’ہم سے مسلسل جھوٹ بولا گیا‘، آئی ڈی پیز اپنے ضلعے میں نہیں گنے گئے، سینسس کے حوالے جو آخری جو میٹنگ ہوئی اس میں تمام پارلیمنٹ کے سربراہان کو بلایا گیا تھا اور اس میں مختلف ڈیٹا پیش کیا گیا۔

ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ مردم شماری کے اب جو نتائج جاری کیے گئے ہیں انہیں اس طرح سے پیش کیا گیا ہے کہ اسمبلیوں میں نشستوں کی تعداد بالکل وہی ہے جو ابھی ہے، یہ کِیا ہی اس لئے گیا کہ آئینی ترمیم کے چکر میں پڑنا نہ پڑے۔

یہ بھی پڑھیں

آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل میں انٹیلی جنس اداروں کو مزید کیا اختیارات دیے گئے ہیں؟

’سینیٹ انتخابات سے پہلے عام انتخابات ہوجائیں گے‘

پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں مردم شماری کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا، سی سی آئی میں تمام جماعتوں کی نمائندگی تھی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے بھی لوگ اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں جے یو آئی کےارکان بھی شریک تھے، کسی سیاسی جماعت نے اس کی مخالفت نہیں کی۔

اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ سی سی آئی میں فیصلہ اکثریت سے ہوتا ہے، دو ارکان مخالفت بھی کریں توکوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کی باتیں صرف سیاسی بیانات ہیں، الیکشن میں نوے روز کے بعد پینتیس سے پینتالیس دن کا فرق تو آسکتا ہے، لیکن الیکشن ساٹھ دن سے زیادہ تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات سے پہلے عام انتخابات ہوجائیں گے۔

وزیر قانون نے کہا کہ جیل مینول میں تبدیلی چیئرمین پی ٹی آئی نے خود کی تھی، قانون کےمطابق انہیں سہولیات دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے نگراں وزیراعظم پر کسی کو اختلاف نہ ہو۔

ایک سوال کے جواب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ترامیم کی گئی ہیں، بل ترامیم کے ساتھ سینیٹ و قومی اسمبلی سےمنظورکرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں اور چھاپوں کا معاملہ ترمیم میں حل ہوگیا ہے، آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ڈاکیومنٹ کی تشریح کی گئی ہے، پہلے ڈاکیومنٹ کاغذ اور دیگر چیزوں پر تحریر کو کہا جاتا تھا، اب ڈیجیٹل پوسٹ کو بھی ڈاکیومنٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

Azam Nazeer Tarar

Mohsin Dawar

general elections 2023

official secrets act amendment bill 2023