Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

رمیز راجہ نے اپنے گانے سے سری لنکن گلوکارہ کو حیران کردیا

رمیز راجہ کا پوشیدہ ٹیلنٹ دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔
شائع 08 اگست 2023 05:00am

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے سری لنکن گلوکارہ یوہانی کے ساتھ اچانک ہوئے ویڈیو سیشن میں اپنی گلوکاری کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے سب کو حیران کردیا۔

رمیز راجہ لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے لیے سری لنکا میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے میوزک آرٹسٹ یوہانی کے ساتھ مل کر ان کا ہٹ گانا ”مانیکے میگے ہیٹھے“ گایا۔

صرف یہی نہیں بلکہ رمیز راجہ نے لیجنڈری گلوکار کشور کمار کا ایک کلاسک گانا گاکر یوہانی کو حیران کردیا۔

گزشتہ سال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد رمیز راجہ نے اپنی توجہ کرکٹ کمنٹری کی طرف موڑ لی ہے۔

اس وقت وہ سری لنکا میں جاری لنکا پریمیئر لیگ میں بطور کمنٹیٹر اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

اپنی کمنٹری کے فرائض سے وقفے کے دوران یوہانی کے ساتھ رمیز راجہ کے بے ساختہ موسیقی کے اشتراک نے مداحوں کو خوش کردیا اور ان کا ایک ایسا پہلو دکھایا جو پہلے لوگوں کی نظروں سے پوشیدہ تھا۔

جیسے ہی ویڈیو نے آن لائن مقبولیت حاصل کی، نیٹیزنز تعریف کیے بنا نہ رہ سکے

جہاں بہت سے لوگ رمیز راجہ کی گلوکاری کی صلاحیتوں سے لطف اندوز ہوئے، وہیں کچھ نے تبصرہ کیا کہ ان کی صلاحیتوں کو شاید ایک پوشیدہ خزانہ ہی رہنا چاہیے۔

لیکن ایک بات یقینی ہے کہ رمیز راجہ کی گلوکاری شاہنواز دہانی سے کچھ بہتر ہے۔

ramiz raja

shahnawaz dahani

Singing