نگراں وزیراعظم کیلئے حفیظ شیخ کا نام بھی شارٹ لسٹ میں شامل ہے، رانا ثناء
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ کیے جانے والے ناموں میں سابق وزیرخزانہ حفیظ شیخ اورسریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام بھی شامل ہے۔
جیو نیوزکے پروگرام ’نیا پاکستان‘میں اینکر شہزاد اقبال کے سوال کے جواب میں رانا ثناء نے یہ دو نام بتاتے ہوئے واضح کیا کہ نگران وزیراعظم کیلئے شارٹ لسٹ ہونے والوں میں اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی کا نام شامل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ منگل یا بدھ تک نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ ہوجائے گا۔
حفیظ شیخ پی ٹی آئی کے دورحکومت میں سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ اوروفاقی وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں، انہیں مارچ 2021 میں عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا جس کی وجہبتائی گئی تھی کہ عمران خان مہنگائی کم کرنے سے متعلق ُن کے اقدامات سے مطمئن نہیں تھے۔
وہ سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بھی رہے، انہیں پی پی رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کے لیے پی پی رہنما اور سابق گورنرپنجاب مخدوم احمد محمودکا نام بھی زیرغور ہے، اس کے علاوہ سامنے آنے والے ناموں میں اسلم بھوتانی، آن لائن نیوز ایجنسی کے مالک محسن بیگ، دنیا میڈیا گروپ کے مالک اورسابق ضلع ناظم لاہورمیاں عامر محمود، سینیئر صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی، سابق بیوروکریٹ فواد حسن فواد اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک رضاباقرشامل ہیں۔
واضح رہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد سے نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے سب سے پہلا اختیار وزیراعظم اورقائد حزب اختلاف کے پاس ہے جو اتفاق رائے سے نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کر سکتے ہیں۔ ایسا نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جاتا ہے اور اگروہاں بھی کوئی نتیجہ نہ نکلے تو پھر معاملہ الیکشن کمیشن کو جاتا ہے جس کے فیصلے کو حتمی سمجھا جاتا ہے۔
موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی تحلیل کرنےکیلئے 9 اگست کی تاریخ دے چکے ہیں۔
Comments are closed on this story.