Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت کا قومی کرکٹ ٹیم کوورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ

وزارت خارجہ نے باضابطہ منظوری سے متعلق پی سی بی کوآگاہ کردیا
اپ ڈیٹ 06 اگست 2023 09:59pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔سوشل میڈیا

حکومت کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے بھارت جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دے دی ہے۔ وزارت خارجہ نے باضابطہ منظوری سے متعلق پی سی بی کوآگاہ کردیا ہے، جب کہ پی سی بی نے بھی وزارت خارجہ سے ملنے والی این او سی کی تصدیق کردی ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قاٸم کردہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زردای کی سربراہی میں قاٸم کردہ ہاٸی پروفاٸل کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دے دی ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ کھیل سے سیاست کو دور رکھا جائے، پاک بھارت تعلقات انٹرنیشنل اسپورٹس کی راہ میں حائل نہیں ہونے چاہیے۔

وزارت خارجہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں سیکیورٹی پر تحفظات برقرار ہیں، پاکستان ٹیم کو سیکیورٹی ملنی چاہئے، اور اس کی ذمہ داری آئی سی سی کو لینی چاہیے۔

پاکستان ٹیم کے بھارت میں جانے پرسیکیورٹی تحفظات برقرار ہیں، اس حوالے سے آٸی سی سی اور بھارتی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا۔

حکومت پاکستان کا سیکیورٹی وفد بھارت بھیجنے کا فیصلہ

بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کے معاملے پر حکومت پاکستان نے سیکیورٹی وفد بھارت بھیجنے کا فیصلہ بھی کررکھا ہے۔

ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے پاکستان کا وفد سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے جلد بھارت جائے گا ، وفد میں سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اور پی سی بی حکام شامل ہوں گے۔

ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وفد حکومت تشکیل دے گی، سیکیورٹی وفد کی بھارت روانگی کا وقت حکومت طے کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وفد کی رپورٹ کی روشنی میں ہی قومی ٹیم کو بھارت بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 2016 میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کا سیکیورٹی وفد بھارت گیا تھا۔

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023