Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں الٹ گئیں، 30 مسافر جاں بحق 200 سے زائد زخمی

وزیراعظم شہبازشریف نے ریلوے حکام سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی
Breaking News - Several coaches of Hazara Express Train derails in Nawabshah - Aaj News

نوابشاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب مسافر ٹرین ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا ہے، ٹرین کی 10 بوگیاں الٹ گئی ہیں جس کے نتیجے میں 30 مسافر جاں بحق اور 200 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثہ میں جاں بحق مسافروں کی تعداد 30 ہے اور زخمیوں کو ہرممکن علاج کی بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔ 9 بوگیاں کلیئر ہوچکی ہیں سندھ حکومت زخمی اورجاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مسافر ریل حادثے کے زخمیوں کی عیادت کیلیے نواب شاہ پہنچ گئے اور زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے 70 زخمی پیپلز میڈیکل اسپتال نواب شاہ میں زیرعلاج ہیں، جنہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر سعد رفیق سے رابطہ ہوا ہے، جائے حادثہ پر امدادی کام جاری ہے، اور متاثرہ ٹریک کی جلد سے جلد بحالی کی کوشش کی جارہی ہے۔

اسپتال حکام کے مطابق حادثے میں 30 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے، 70 زخمی پیپلز میڈیکل اسپتال لائے گئے ہیں، جن میں سے 50 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جب کہ باقی معمولی زخمی افراد کو شہداد پور میں طبی امداد دی گئی، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

وزیرِاعظم نے ریلوے حکام سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی

وزیراعظم شہبازشریف نے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جانبحق ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کی اور انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ریلوے حکام سے حادثے پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے، اور اس حادثے میں 28 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی ہے، زخمیوں کو بہتر علاج مہیا کیا جا رہاہے، پاک فوج امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، تمام اداروں کا شکرگزار ہوں۔

سعد رفیق نے کہا کہ پہلے ریلیف کا کام ہوگا پھر تحقیقات ہوں گی، ٹرین 45 کلو میٹر فی گھنٹا سے جارہی تھی۔

وزیر ریلوے نے تخریب کاری کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔

سکھر، لاہور اور فیصل آباد میں ایمرجنسی انفارمیشن سینٹر قائم

سرہاری کے قریب ٹرین حادثے کے بعد ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر سکھر ریلوے اسٹیشن پر ایمرجنسی انفارمیشن سیںٹر قائم کر دیا گیا ہے، جہاں حادثے سے متعلق معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ مسافروں کی معلومات کیلیے 071931166 اور 0715617676 پر رابط کیا جا سکتا ہے۔

ٹرین حادثہ کی معلومات کیلئے لاہور اور فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر بھی ہیلپ ڈیسک قائم کردیئے گئے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق مسافروں کی سہولت اور بروقت معلومات کیلئے ریلوے لاہور ڈویژن کی جانب سے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاہور اور فیصل آباد ریلوے اسٹیشنوں پر قائم کیے گئے ہیلپ ڈیسک پر عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے، جائے حادثہ سے موصول ہونے والی معلومات مسافروں کو فراہم کی جائے گی، اور ان کی رہنمائی کیلئے ہیلپ ڈیسک پر عملہ ہمہ وقت موجود ہوگا۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ حادثہ کیوں ہوا یہ ریلوے ڈیپارٹمنٹ ہی بتا سکتاہے اور ہیوی مشینری کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حادثے میں 19 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں ، حادثے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

کراچی سے حویلیاں جانے والی مسافر ٹرین ہزارہ ایکسپریس میں مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹرین کی اکنامی کلاس میں 950 مسافر سوار تھے.

 اسکرین گریب/آج نیوز
اسکرین گریب/آج نیوز

حادثے کے بعد مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت جائے حادثہ پر پہنچ گئے جب کہ پولیس، ریلوے عملہ اور ریسکیو ادارے بھی وہاں پہنچ گئے ہیں۔ زخمیوں کو بوگیوں سے نکالا جا رہا ہے۔

پاک فوج اور رینجرز نے جائے حادثہ پرامدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، جائے حادثہ پر پاک فوج اور رینجرز کے مزید امدادی دستے پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، دستوں کو حیدرآباد اور سکرنڈ سے طلب کیا گیا ہے۔ آرمی ایوی ایشن کےہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کے لئے پہنچ گئے ہیں۔

 اسکرین گریب/آج نیوز
اسکرین گریب/آج نیوز

ٹرین میں موجود مسافروں کا کہنا تھا کہ ہزارہ ایکسپریس میں بہت زیادہ مسافر سوار تھے۔

ٹرین حادثے کے باعث قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ڈیویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے محمود الرحمان لاکھو کا کہنا ہے کہ کوشش کررہے ہیں ٹریک بحال ہو۔ حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہے۔

 اسکرین گریب/آج نیوز
اسکرین گریب/آج نیوز

محمود الرحمان لاکھو نے بتایا کہ ٹرین کی 10 بوگیاں اتری ہیں، جبکہ حادثے میں 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی ایس ریلوے کے مطابق روہڑی اور کوٹری سے ریلیف ٹرینز روانہ ہوگئی ہیں، جنہیں جائے حادثہ پر پہنچنے میں کم از کم 3 گھنٹے لگیں گے۔

محمود الرحمان لاکھو کا کہنا ہے کہ بتایا گیا تھا ٹرین میں ایکسل کا کوئی مسئلہ ہے، ہم اس معاملے کی تحقیق کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پڈ عیدن میں بھی علامہ اقبال ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔

Train Accidents

Hazara Express

Nawab Shah