Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

عمران خان کیلئے بی کلاس منظور، اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت ہوگی

چیئرمین پی ٹی آئی کو روم کولر، جائے نماز اور تسبیح بھی فراہم
اپ ڈیٹ 06 اگست 2023 07:53pm
ڈسٹرکٹ جیل اٹک
ڈسٹرکٹ جیل اٹک

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کرکے گزشتہ روز اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے ’سی کلاس‘ بیرک میں رات گزاری، تاہم اب انہیں بی کلاس کی سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔

توشہ خانہ کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہم کردی گئی ہیں، عمران خان کو پہلی رات ”سی کلاس“ میں قید کاٹنی پڑی، اس دوران رات بھر جیل کے باہر اور اطراف میں سیکیورٹی انتہائی سخت رہی، جیل کےاطراف کاعلاقہ ریڈ زون قرار دیا گیا اور ڈی پی او نے وہاں میڈیا پر کوریج پر پابندی لگا دی، جیل کی عقبی دیوار کے ساتھ بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

صبح ہوتے ہی سیکیورٹی پر مامور اہلکار تبدیل کردیے گئے اور ان کی جگہ تازہ دم اہلکاروں نے لی۔ جیل کے اندر عمران خان کو صبح ناشتے میں آم کا جوس دیا گیا۔ حالانکہ سوشل میڈیا پر یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان نے چار ابلے ہوئے انڈے کھائے اور بکرے کی یخنی کا مطالبہ کیا ، لیکن ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو بی کلاس دینے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت انہیں ہفتے میں ایک دفعہ فیملی سے ملاقات کی اجازت ہوگی۔

ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بی کلاس کی سہولیات فراہم کردی گئی ہیں، بی کلاس میں روم کولر ایک مشقتی، اخبار، واش روم کی سہولت اور واک کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں نماز پڑھنے کی اجازت دے دی گئی، اور انہیں لوٹا، جائے نماز اور تسبیح پہنچا دی گئی ہے، جب کہ ان کی بیرک میں روم کولر بھی پہنچا دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی دوسری جیل میں منتقلی کا امکان ہے۔

جیل میں اے اور بی کیٹیگری کی سہولت موجود نہیں

اٹک جیل کے وارڈن کے کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اے کلاس کیٹیگری کے اہل ہیں، لیکن اس وقت جیل میں اے اور بی کیٹیگری کی سہولت ہی موجود نہیں، اس لیے انہیں اب سی کیٹیگری میں رہنا پڑے گا۔

اے اور بی کلاس کیٹیگری صوبہ پنجاب میں صرف راولپنڈی کی اڈیالہ اور بہاولپور جیل میں موجود ہے۔

جیل کی اے بی اور سی کیٹیگریز کن افراد کو دی جاتی ہیں؟

قیدیوں کو عام طور پر تین کیٹیگریز میں رکھا جاتا ہے۔ سی یا کامن کیٹیگری میں ان مجرموں کو رکھا جاتا ہے جو قتل، ڈکیتی، چوری، لڑائی جھگڑے اور اس طرح معمولی نوعیت کے مقدمات میں سزا یافتہ ہوں۔

بی کیٹگری میں ان قیدیوں کو رکھا جاتا ہے جو قتل اور لڑائی جھگڑے کے مقدمات میں ملوث ہوں مگر اچھے خاندان سے تعلق رکھتے ہوں یا پھر گریجویٹ ہوں، تو انہیں بھی بی کلاس کیٹگری کی جیل کی سہولت دی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ اے کلاس کیٹیگری میں اعلیٰ سرکاری افسران، وفاقی وزراء یا پھر ان لوگوں کو رکھا جاتا ہے جو زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہوں۔

اے کیٹیگری کی جیلوں میں قیدیوں کو بیڈ، ٹی وی، اے سی، فریج اور ایک باورچی خانہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ 2 مشقتی بھی فراہم کیے جاتے ہیں جو ان کے چھوٹے موٹے کام کرتے ہیں۔

imran khan arrested

Imran Khan Arrested August 5