Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

’عدالت نے عمران خان کو سب سے سخت سزا سنائی‘

یہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا، عابد زبیری
شائع 05 اگست 2023 08:32pm
سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری (فائل فوٹو)
سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری (فائل فوٹو)

سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری کا کہنا ہے کہ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کوسب سےسخت سزا سنائی ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے عابد زبیری نے کہا کہ خواجہ حارث احتساب عدالت میں مصروف تھے، عدالت نے کہا کہ ساڑھے 12 بجے تک نہ آئے تو فیصلہ سنادیں گے۔ اس کے بعد عدالت نے کہا کہ وکیل پیش نہیں ہوئے اور کیس کے میرٹ پرفیصلہ سنا دیا۔

عابد زبیری نے کہا کہ حق دفاع کا کیس اب بھی ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے، جب دائرہ اختیار طے نہیں ہوا تو مرکزی کیس پر کیسے فیصلہ سنا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کے کیسز میں فیصلہ آنے میں سالوں لگ جاتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو عجلت میں سزا کیوں سنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری حیران کن ہے، فیصلہ اسلام آباد سے آیا، گرفتارلاہور سے کرلیا گیا، وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کیسے ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 180 کیسز ہیں، ملزم ایک وقت میں ایک کیس میں پیش ہوسکتا ہے، عدالت کچھ انتظارکرلیتی تو آسمان نہیں گرجاتا۔

دوسری جانب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود کا کہنا تھا عمران خان صرف تین بار عدالت میں پیش ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے تاخیری حربے استعمال کئے۔

راجا خالد محمود نے کہا کہ پُرامن احتجاج تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے، پُرتشدد احتجاج کسی صورت قابل قبول نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ نے وکلا کو سیشن کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، وکلا کو ہائی کورٹ کے حکم کی پاسداری کرنی چاہئے تھی۔

imran khan arrested

Tosha Khana Criminal Proceedings Case

Imran Khan Arrested August 5