Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کسی پر الزام تراشی کرنے نہیں آیا، پاکستان کو معاشی ترقی کیلئے آگے لے کر جانا ہے، وزیراعظم

15 ماہ میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، شہباز شریف
شائع 04 اگست 2023 11:10pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی چیلنج کا سامنا ہے، 15 ماہ میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اب پاکستان کو معاشی ترقی کے لیے آگے لے کر جانا ہے۔

راولپنڈی میں ادارہ تعلیمات اسلامیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیر سید ریاض حسن شاہ کی دین اسلام کے لیے بے شمار خدمات ہیں، علماء کرام کے احترام سے دین و دنیا کی کامیابیاں ملتی ہیں، پاکستان کو استحکام، امن اور بھائی چارے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی چیلنج کا سامنا ہے، کوشش کی کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا جائے، دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، ہر 15 دن بعد پیٹرول کی قیمت کا اعلان کیا جاتا ہے، بدقسمتی سے ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں زرخیز زمین اور معدنیات سے نوازا ہے، 15 ماہ کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، کسی پر الزام تراشی کرنے کے لیے نہیں آیا ہوں، پاکستان کو معاشی ترقی کے لیے آگے لے کر جانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں کی زندگی سے نجات حاصل کرنا ہوگی، قرض لینا ایک بڑی بیماری ہے، دن رات محنت سے میسر وسائل کو بروئے کار لاکر معیشت کو مضبوط بنانا ہے، کشکول توڑ کر ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہوگا، معدنیات کی دولت بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخو سے گلگت بلتستان تک موجود ہے۔

rawalpindi

PM Shehbaz Sharif

Institute of Islamic Education