نیب اور اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 مختلف مقدمات میں طلب کرلیا
قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190ملین پاؤنڈ این سی اے اسکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو کل طلب کرلیا، دوسری جانب پولیس نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو 4 مقدمات میں تفتیش کیلئے طلب کرلیا ہے۔
نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں ایک بار پھر طلب کرلیا۔
نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں 4 آگست صبح ساڑھے 11 بجے نیب راولپنڈی دفتر پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
نوٹس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو کیس سے متعلق تمام دستاویزات ہمراہ لانے کو بھی کہا گیا۔ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے بطورگواہ بیان قلمبند کرانے کے بعد چئیرمین پی ٹی آئی کی پہلی پیشی ہوگی۔
نیب نے اس سے قبل 13 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا،، جس میں وہ پیش نہیں ہوئے۔
دوسری جانب وفاقی پولیس کی جانب سے بھی چئیرمین تحریک انصاف کو 4 مختلف مقدمات میں ایک بار پھر طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، عمران خان کو تھانہ کراچی کمپنی اور دیگر مقدمات میں طلبی کے 2 نوٹسزجاری کیے۔
تھانہ کراچی کمپنی نوٹس میں چئیرمین پی ٹی آئی کو کل 2 بجے ایس ایس پی انویسٹیگیشن آفس میں پیش ہونے کا حکم جبکہ تھانہ ترنول کی جانب سے بھی مختلف مقدمات میں کل 3 بجے طلب کر لیا گیا۔
تھانہ کوہسار کی جانب سے بھی پی ٹی آئی چئیرمین کو طلبی کا نوٹس بھی ارسال کردیا گیا۔
نوٹس کے مطابق سابق وزیراعظم کواس سے قبل بھی طلب کیا گیا لیکن وہ شامل تفتیش نہ ہوئے، اس بار شامل تفتیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed on this story.