Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ڈیم بنانے سے پانی کا ضیاع کم ہوجائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

آبادی کے تناسب سے پانی کا انتظام کرنا ہوگا، مراد علی شاہ
شائع 03 اگست 2023 07:45pm

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کی واٹرپالیسی لانچ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم بنانے سے پانی کا ضیاع کم ہو جائے گا، ہمیں آںیوالی نسلوں کیلئےخوشحالی کی بنیاد رکھنا ہوگی، آبادی کے تناسب سے پانی کا انتظام کرنا ہوگا۔

صوبے کی واٹر پالیسی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پانی زندگی ہے، جو ہمارے روح ارض پر موجود تمام جانداروں کو زندہ رکھتا ہے، سندھ میں پانی کی قلت، ناقابل اعتبار بہاؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے واقعات کی وجہ ہم سے زیادہ حساس ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قومی آبی پالیسی اپریل 2018 میں منظور کی گئی تھی، کیونکہ ہمارے مقامی مسائل اور حل کیلئے ہماری اپنی پالیسی دستاویز کی ضرورت کو سختی سے محسوس کیا گیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عالمی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور پانی کی مانگ میں بھی بڑھ رہی ہے، آبادی میں تیزی اضافے کے باعث پانی کا موثر انتظام اور نظم و نسق انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس جامع واٹر پالیسی دستاویز کو متعارف کرواتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے، پانی کے انمول وسائل کی حفاظت اور ذمہ داری کے ساتھ انتظام کرنا ہمارے اجتماعی عزم کا ثبوت ہے،

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پانی کی دستیابی، تقسیم اور معیار کے حوالے سے ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے وہ کثیر الجہتی اور پیچیدہ ہیں، موسمیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافہ، شہروں کا بڑھنا اور صنعت کاری میٹھے پانی کے ذرائع پر غیرمعمولی دباؤ ڈال رہی ہے، یہ واٹر پالیسی دستاویز ماہرین، تعلیمی اداروں، پبلک سیکٹر کی تنظیموں اور متعلقہ شہریوں کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے سرحدوں اور نظریات سے بالاتر ہو کر پانی کے انتظام کے لیے ایک روڈ میپ بنانے کے لیے تعاون کیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ میں عوام کیلئے بہت سے منصوبے شروع کیے، ہمیں آںے والی نسلوں کیلئے خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہوگی، آبادی کے تناسب سے پانی کا انتظام کرنا ہوگا، صوبے کیلئے جامع واٹر پالیسی وقت کی ضرورت ہے، ڈیم بنانے سے پانی کا ضیاع کم ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس پالیسی دستاویز کا وژن پانی سے متعلق مسائل کو حل کرنا ہے، پانی کو بنیادی انسانی حق اور مشترکہ ذمہ داری کے طور پر تسلیم کرنا ہے، واٹر پالیسی دستاویز کا مقصد پانی کے استعمال، ری سائیکلنگ، پانی کے ضیاع کو کم کرنا ہے، یہ مقامی کمیونٹیز اور مقامی لوگوں کو بااختیار بنانے کی کوشش کرتا ہے، اچھی حکمرانی اور پالیسی فریم ورک کی اہمیت کو واضح کرتا ہے ، پانی کے ذمہ دارانہ استعمال کی ترغیب دیتا ہے ۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس واٹر پالیسی دستاویز کی تیاری میں تعاون کیا ہے، ہم مل کر پانی کے پائیدار انتظام کے اس راستے پر آگے بڑھیں، اور آنے والی نسلوں کے لیے خوشحالی، مساوات اور لچکدار میراث چھوڑیں۔

Syed Murad Ali Shah

dam

water policy