کوئٹہ : پولیو ٹیم پر فائرنگ، سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار جاں بحق
کوئٹہ میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے، غفلت برتنے پر ایس ایچ او زرغون آباد اور پولیس لائن کے گنتی محرر معطل کردیئے گئے۔
کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم جاری تھی کہ اس دوران نواحی علاقے کلی شاہ عالم زرغون آباد میں نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے، اور ملزمان فرار ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف سی کی بھاری نفری اور امدادی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچے، اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ مرنے والوں کی شناخت شوکت علی اور سید مہدی کے نام سے ہوئی ہے۔
انسداد پولیو ٹیم پر حملے کے بعد شہر میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی سیکیورٹی سخت کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔
غفلت برتنے پر ایس ایچ او زرغون آباد اور پولیس لائن کے گنتی محرر معطل
آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ نے زرغون آباد تھانے کی حددو کلی شاہ عالم میں پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او زرغون آباد محمد آصف مروت اور پولیس لائن کے گنتی محرر محمد اقبال کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان بھر میں 5 سال سے کم عمر کے تقریباً 26 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم آج سے شروع کی گئی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر سید زاہد شاہ نے بتایا کہ 7 روزہ مہم کے لیے ہیلتھ ورکرز کی 11 ہزار 539 ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
Comments are closed on this story.