Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انجو پر تحائف کی برسات جاری، عروسی لباس بھی سامنے آگیا

دس مرلے کا ایک اور پلاٹ اور عمرہ پیکج کا تحفہ، ہاؤسنگ کمپنی ماہانہ خرچ بھی دے گی.
شائع 31 جولائ 2023 01:55pm

راجستھان (انڈیا) سے کچھ دن قبل پاکستان کے صوبہء خیبر پختونخواہ کے ضلع دیرمیں آ کر وہاں کے رہائشی نصر اللہ سے شادی کرنے والی خاتون انجو(فاطمہ) سوشل میڈیا کا ایک اہم موضوع بنی ہوئی ہیں۔

انجو پر تحائف کی بارش جاری ہے۔ انہیں دس مرلے کا ایک اور رہائشی پلاٹ دے دیا گیا ہے جب کہ پیر کو سامنے آنے والی ویڈیو میں ان کا عروسی لباس بھی منظرعام پر آیا ہے۔

عروسی جوڑا پہنے نصراللہ کے ساتھ اسٹیج پر بیٹھی انجو جن کا اسلامی نام فاطمہ ہے کی ویڈیو سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ وہ پاکستانی نوجوان سے شادی کرچکی ہیں۔ اگرچہ بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں دونوں نے انجو کے قبولِ اسلام اور نکاح کی تردید کی تھی۔

وائرل ویڈیومیں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ انجو نصر اللہ کے ساتھ بیٹھی ہیں۔ انہوں نے عروسی لہنگا زیب تن کیا ہوا ہے جو عام طور پر شادیوں کے دوران پہنا جاتا ہے۔

انجو کے بیانات وائرل ویڈیوز سے متصادم ہیں جو مزید نئے سوالات کو اجا گر کر رہے ہیں۔

حال ہی میں پاک اسٹار گروپ آف کمپنیز کے سی ای او محسن خان عباسی نے انجو اور نصر اللہ کو 10 مرلہ پلاٹ اور 50 ہزار روپے تحفے میں دیئے تھے۔ پیر کو سامنے آنے والی ویڈیو میں ایک اور کمپنی نواب ہاؤسنگ ایسوسی ایٹ پشاور کے طفیل خان انہیں دس مرلے کا پلاٹ اور میاں بیوی کے لیے عمرہ پیکج دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحائف دینے کی یہ تقریب جمعہ کو ہوئی۔ طفیل خان نے انجو اور نصر اللہ کو دیر میں ایک رہائشی گھر بنانے میں مدد فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہاکہ ہم دیر میں ان کے لیے گھر بنانے کی کوشش بھی کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے روزمرہ خرچ کے لیے مالی معاونت بھی کریں گے۔

پاکستان پہنچنے والی شادی شدہ بھارتی لڑکی انجو اپنے شوہر کو بتا کرآئی تھی کہ وہ جے پور جارہی ہے۔ انجو نے اروند سے شادی کیلئے عیسائیت بھی قبول کی تھی۔