Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

سی پیک نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی، چینی نائب وزیراعظم

آج کا دن دونوں ملکوں کیلئے ایک یادگار دن ہے، وزیراعظم شہبازشریف
اپ ڈیٹ 31 جولائ 2023 11:44pm

چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کا کہنا ہے کہ سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، اس منصوبے نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر25 ارب کی سرمایہ کاری ہوگی، آج کا دن دونوں ملکوں کیلئے ایک یادگار دن ہے۔

کنونشن سینٹراسلام آباد میں سی پیک کے 10سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہبازشریف اورچین کے نائب وزیراعظم کے علاوہ وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، ایاز صادق اور راناثناءاللہ بھی شریک تھے۔

چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کا تقریب سے خطاب

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کا کہنا تھا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان ایک اہم منصوبہ ہے، جس سے خطے میں سماجی ترقی کا دور شروع ہوا۔

چینی نائب وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اورسمندر سےگہری ہے، دونوں ملکوں کےدرمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، اور سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، اس منصوبے نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی، سی پیک کی 10سالہ تقریب میں شرکت کر کے خوشی محسوس ہوئی۔

ہی لیفینگ نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان فلیگ شپ منصوبہ ہے، اس منصوبے کے تحت پاکستان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، توانائی، زراعت، ریلوے، آئی ٹی سمیت مختلف منصوبے شروع کیے، اربن ریلوے، فائبر آیٹک سمیت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا تقریب سے خطاب

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چین نے ترقی کا سفر ہمت اور لگن سے طے کیا، آج کا دن دونوں ملکوں کیلئے ایک یادگار دن ہے، دونوں ممالک کے درمیان منفرد دوستی کا آغاز ہوا، شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے چین اور پاکستان کی دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر شی چن پنگ نے دورہ پاکستان کے موقع پر سی پیک کا تحفہ دیا، اس منصوبے کے بہت سے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا، چند منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے جو تکمیل کے مراحل میں ہیں، توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا، اور اس بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی، لاکھوں افراد کو سی پیک کے تحت روزگار کے مواقع ملے، چینی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستی کو نبھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ باجوڑ سانحہ کے باعث سی پیک کی تقریبات کو سادگی سے منا رہے ہیں، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، سی پیک کا دوسرا مرحلہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، دوسرے مرحلے میں اسپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، چین اور پاکستان مل کر سی پیک کے ذریعے فاصلوں کو سمیٹ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گوادر پورٹ آئندہ آنے والے دنوں میں مصرورف ترین بندرگاہ ہوگی، ہماری حکومت گوادر کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، گوادر میں بجلی اور پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہوچکا ہے، چین نے گزشتہ 4 ماہ کے دوران مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی، چینی قیادت اور عوام کی جانب سے کی گئی مدد کوکبھی فراموش نہیں کریں گے۔

سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر 25 ارب کی سرمایہ کاری ہوگی

اس سے قبل اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب وزیراعظم، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور احسن اقبال سمیت دیگر افراد شریک تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب میں چین کے نائب وزیر اعظم کے دورہ پاکستان پر انھیں خوش آمدید کہا۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک پر10سال قبل دستخط ہوئے تھے، سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر25ارب کی سرمایہ کاری ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک کا آغاز نوازشریف دورمیں ہوا تھا، سی پیک سےدونوں ملکوں کے عوام کا رشتہ مضبوط ہوا۔ ایم ایل ون بہت اہم منصوبہ ہے، کراچی سرکلرریلوے بھی اہمیت کاحامل منصوبہ ہے۔

اس سے قبل تین روزہ دورہ پاکستان پر موجود چینی نائب وزیراعظم ہی لائفنگ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

چینی نائب وزیراعظم سے کابینہ اراکین کا تعارف

بلاول بھٹو، رانا ثنا اللہ، اسحاق ڈار، نوید قمر، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور حنا ربانی کھرکا نائب وزیر اعظم سے تعارف کرایا گیا۔

چین کے نائب وزیراعظم ہی لائفینگ کے ہمراہ چین کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔

چینی نائب وزیر اعظم کی پاکستان آمد پر وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور طارق فاطمی نے استقبال کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں عام تعطیل کے اعلان پر تاجروں کا کاروبار بند کرنے سے انکار

پاکستان کے دورے پر آئے چینی نائب وزیراعظم آج اسلام آباد میں مصروف دن گزار رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی نائب وزیر اعظم کے دورہ پاکستان پر جاری ٹوئٹ میں کہا کہ ’چین کے نائب وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہیں، چینی نائب وزیر اعظم وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں اور سی پیک کی 10 ویں سالگرہ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں گے، نائب وزیر اعظم اس دورے پر سی پیک سے ہونے والی تبدیلیوں کا خود مشاہدہ کریں گے۔‘

دفترِ خارجہ کے مطابق ہی لائفینگ حکومت پاکستان کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں، وہ 30 جولائی سے یکم اگست تک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ چینی نائب وزیراعظم کی آمد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31 جولائی اور یکم اگست کوعام تعطیل کیا گیا ہے۔