Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
11 Rajab 1446  

نو مئی کی پرتشدد کارروائیاں فوج کا تختہ الٹنے کی سازش تھیں، وزیراعظم

سازش میں سیاسی جتھہ، کچھ فوجی اور ان کے خاندان شامل تھے، شہباز شریف
شائع 30 جولائ 2023 01:33pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات پاکستان، افواج پاکستان اور آرمی چیف کے خلاف سازش تھے، جس میں چند فوجی اور خاندان شامل تھے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کی سازش میں خواتین، مرد، سیاسی جتھہ، کچھ فوجی اور ان کے خاندان شامل تھے، 9 مئی کی سازش کرنے والوں کی کوشش تھی کہ فوج کا تختہ الٹ دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم کی زیرِ قیادت حکومت میں دیگر رہنما بھی ہیں جنہوں نے جون میں وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے اسی طرح کے دعوے کرنے کے بعد یہ تجویز پیش کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی سازش کے سرغنہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کی سازش کرنے والے پاکستان میں انارکی اور خانہ جنگی چاہتے تھے۔

قبل ازیں، وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی کہا تھا کہ 9 مئی کو پاکستان میں ایک بغاوت کو ناکام بنایا گیا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے واقعات کو ملک کے لیے ”واٹرشیڈ“ (بڑا موڑ) قرار دیا تھا۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں میزبان عاصمہ شیرازی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ، ’9 مئی کے واقعات نے میرے خیال میں ہمیں بہت سی چیزوں کے بارے میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں یہ بھی ہوسکتا ہے، یہ انہونی چیزیں تھیں، میں اسے بغاوت کہوں گا، جو ناکام ہوئی۔ میں کہوں گا کہ یہ (بغاوت) ریاست کے خلاف تھی۔‘

اس سوال کے جواب میں کہ کیا یہ آرمی چیف کے خلاف بغاوت تھی، خواجہ آصف نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ریاست پاکستان کے خلاف تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر ہدف پاکستان کی مسلح افواج ہوتیں تو میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور ریاست میں کوئی فرق ہے۔‘ خواجہ آصف نے الزام لگایا تھا کہ عمران خان نے اپنی مقبولیت کی بنیاد پر بغاوت کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی کے واقعات ایک ’’دانستہ سازش‘‘ تھے اور الزام لگایا کہ ریاستی عمارتوں پر حملے کے اشارے ’’غیر ملکی سازش‘‘ سے منسلک تھے۔

pakistan army

PM Shehbaz Sharif

9 May

Mutiny