پاکستانی اداکارہ کی بچوں سے ملازمت نہ کروانے کی اپیل
پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ کے سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے کے بعد والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں سے کام نہ کروائیں۔
نادیہ جمیل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام شئیر کیا ہے جس میں انہوں نے بچوں سے کام نہ کروانے اور ان کے ساتھ بدسلوکی نہ کرنے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم میں سے اکثریت اس بات سے ناواقف ہیں کہ چھوٹے بچوں کو اب بھی ملازم یا غلام بنا کر رکھا جارہا ہے۔
اداکارہ کے مطابق یہ چھوٹے بچے پہلے تو ان امیر لوگوں کی خدمتیں کرتے ہیں اور گھروں کے کام کرتے ہیں اور پھر کوئی غلطی سرزد ہونے پر یہی امیر لوگ ان بچوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔
جاری پیغام میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان بچوں کے مذہبی اور آئینی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ امیر لوگ ان بچوں کو بھوکا مارتے ہیں اور انہیں تعلیم سے بھی محروم کردیتے ہیں۔
نادیہ جمیل نے اپنے چاہنے والوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ تشدد کا نشانہ بننے والی اس بچی کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
Comments are closed on this story.