Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بورے والا: بیوی بچوں پر تشدد کرنیوالا ملزم پولیس حراست میں ہلاک

ملزم کے تشدد سے اس کی بیٹی کی آنکھ ضائع ہوگئی تھی
اپ ڈیٹ 30 جولائ 2023 10:09am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

بورے والا میں نشے کا عادی ملزم پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر ہلاک ہو گیا۔ ملزم نے اپنی بیوی اور بچوں کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس سے 13 سالہ لڑکی کی آنکھ ضائع ہوگئی تھی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو اس کے گھر سے خنجر اور پستول کی ریکوری کے بعد واپس لے جایا جارہا تھا ، اس دوران ملزم نے پولیس کانسٹیبل سے سرکاری بندوق چھیننے کی کوشش کی اور کشمکش میں گولی چل جانے سے ملزم شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کو زخمی حالت میں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال لے جایا گیا لیکن وہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے گیا۔

آئس کے عادی جنونی ملزم قاضی احمد کو چند روز قبل گرفتار کیا گیا تھا، اس نے اپنی بیوی بچوں کو تین ماہ سے یرغمال بنا رکھا تھا اور اس دوران فیملی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تشدد کے نتیجے میں ملزم کی 13 سالہ بیٹی کی آنکھ ضائع ہوگئی تھی۔

پولیس نے پندرہ گھنٹے طویل آپریشن کے بعد ملزم سے اس کے بیوی بچوں کو بازیاب کرایا تھا۔

آئس کے عادی ملزم سے بیوی بچوں کو بحفاظت بازیاب کرانے کے آپریشن کی نگرانی ڈی پی او عیسی خان سکھیرا نے خود کی تھی۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ ماں اور بیٹی کے فوری علاج کےلئے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے اور میو اسپتال لاہور میں زیر علاج خاتون اور بچی کی عیادت بھی کی تھی۔

Punjab police

child torture

Child Kidnap