Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شاہ محمود کی کرپشن سے عمران خان کو آگاہ کیا مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، احمد حسن ڈیہڑ

حکومت نے معیشت کو بحران کی صورتحال سے نکالا ہے، منحرف رہنما پی ٹی آئی
شائع 29 جولائ 2023 11:07pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی 4 سالہ حکومت میں جنوبی پنجاب میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، شاہ محمود قریشی کی کرپشن سے سابق وزیراعظم کو آگاہ کیا مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، یہ وقت بتائے گا کہ پارٹی چھوڑنے والے مجاہد ہیں یا منحرف، حکومت نے معیشت کو بحران کی صورتحال سے نکالا ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے منحرف رہنما احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ 90 کے قریب ارکان پی ٹی آئی کو چھوڑ چکے ہیں، پارٹی چھوڑنے والے مجاہد ہیں، منحرف نہیں، ہم نے دیکھ لیا کہ یہ ملک دشمن اور غیرملکیوں کے ایجنٹ ہیں۔

احمد حسین ڈیہڑ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے اداروں پر حملہ کرنے کے بعد پارٹی چھوڑی، ہم نہ ہوتے یہ ہمیں بھارت کا غلام بناچکے ہوتے، کشمیر میں جو کچھ ہوا اس کے بعد ہماری آنکھیں کھلیں، اسرائیل نے ان کے حق میں بیانات دیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سائفر کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا گیا، الیکشن میں فیصلہ ہوگا کہ کون منحرف ہے، 2018 کے انتخابات متنازع تھے تو تمام الیکشن متنازع ہیں، پاکستان میں کبھی انتخابی نتائج تسلیم نہیں کیے گئے، ہر الیکشن پر کوئی نہ کوئی الزام ضرور آتا ہے۔

پی ٹی آئی کے منحرف رہنما کا کہنا تھا کہ 4 سال میں جنوبی پنجاب میں تاریخی کرپشن ہوئی، کرپشن کے خلاف سب سے پہلے میں نے آواز اٹھائی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور عثمان بزدار کو کرپشن سے آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی کرپشن میں ملوث تھے، شاہ محمودقریشی کی کرپشن سے سابق وزیراعظم کو آگاہ کیا،مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، لینڈ ریکارڈ میں تاریخی کرپشن ہوئی۔

احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ میرے خلاف پی ٹی آئی کے 12 ایم پی ایز نے پریس کانفرنس کی، میں نے شوکاز نوٹس پر کرپشن کے ثبوت پیش کیے، میں نے خود اپنا جائز کام کرانے کے لیے رشوت دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کو بحران کی صورتحال سے نکالا ہے، نگراں وزیراعظم وہ ہونا چاہیئے جو معاشی معاملات کا ماہر ہو، اسحاق ڈار کو معاشی ماہر سمجھتے ہیں تو ان کی حمایت کریں گے۔

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد

imran khan

rubaroo

Shaukat Paracha

PTI defector member of National Assembly

Ahmed Hussain Deharr