Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عالمی یہودی تنظیم کا ’بوال‘ کو ایمازون پرائم سے ہٹانے کا مطالبہ

'لاکھوں لوگوں کے منظم قتلِ عام کو معمولی معاملہ قراردیا گیا'
اپ ڈیٹ 28 جولائ 2023 01:40pm
تصویر: این ڈی ٹی وی/ویب سائٹ
تصویر: این ڈی ٹی وی/ویب سائٹ

عالمی یہودی تنظیم ’سائمن ویسنتھل سینٹر‘ نے ورون دھون اور جھانوی کپورکی نئی فلم ’بوال‘ کوایمازون پرائم سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بالی ووڈ فلم بوال میں ہولوکاسٹ کی غیر حساس تصویر دیکھانے پر یہودیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے ایمازون پرائم کو خط لکھ کر اسٹریمنگ سروس سے فلم کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سائمن ویسنتھل سینٹر کے مطابق فلم میں لاکھوں لوگوں کے منظم قتلِ عام کو معمولی معاملہ قرار دیا گیا ہے۔

خط میں انہوں نے کہا کہ ایمازون پرائم فلم کو ’مونیٹائز کرنا‘ بند کرے اور اسے فوری طور پر ہٹائے۔

نتیش تیواری کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم میں ورون دھون نے تاریخ کے اسکول ٹیچراجے (اجو بھائی) اور جھانوی کپورنے ان کی بیوی نشا کا کردارادا کیا ہے۔

فلم کی کہانی ایک چھوٹے سے شہر میں رہنے والے اجے ڈکشٹ اور بیوی نشا پر مرکوز ہے جو جنگ عظیم دوئم کے علاقوں میں جانے کا سوچتے ہیں اور پولینڈ، نیدرلینڈز اور جرمنی کا دورہ کرتے ہیں۔

دونوں کردار جرمنی کے ایک معروف کیمپ میں جاتے ہیں اور وہاں ہولوکاسٹ سے اپنے رشتے کی پیچیدگیوں اور مسائل کا موازنہ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ ’آشوٹز‘ نازی جرمنی کا سب سے بڑا کیمپ تھا جہاں ہولوکاسٹ کے دوران لاکھوں افراد کو قتل کیا گیا تھا۔

بہت سے لوگوں نے رومانوی کہانی کے لیے ہولوکاسٹ کو استعمال کرنے پرفلم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے تاہم فلم کی کاسٹ اور ڈائریکٹر نے اس تنقید کو غیر ضروری قرار دیا۔

بالی ووڈ کی اس فلم نے پہلے ہی چھ سے سات ملین ویوز حاصل کرلئے ہیں اور پرائم ویڈیو ایپ نے اسے ہندوستان میں ٹاپ 10 میں سرِفہرست ویڈیو کے طور پر درج کیا۔

Amazon

lifestyle

varun dhawan

Jhanvi kapoor

Bawaal

indian movie