Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

مون سون بارشوں کا سلسلہ 30جولائی تک جاری رہے گا
شائع 28 جولائ 2023 09:47am
تسویر: روئٹرز
تسویر: روئٹرز

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے آج اور کل پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 30جولائی تک جاری رہے گا۔

مون سون بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

آزاد کشمیر میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث بجلی کا نظام متاثرہونے سے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے ۔مظفرآباد شہر اور گردونواح میں بارش، سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

کوہلو میں رات گئے موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی تاہم دو افراد کو بچا لیا گیا۔ رحمان آباد اور کاہان میں رابطہ سڑک بند ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج مطلع ابر آلود رہے گا۔ نشیبی علاقے زیرآب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کا خطرہ ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ دیر، چترال، سوات، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ مانسہرہ، ہری پورمیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کوہستان، مالاکنڈ، پشاور، مردان، صوابی میں بادل برسیں گے تو کشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان میں ژوب،شیرانی، قلعہ سیف اللہ، بارکھان میں بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ۔ سکھر،جیکب آباد ، لاڑکانہ اورشہید بینظیرآباد میں بارش کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔

گزشتہ روز لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے رم جھم ہوئی، لاہور میں بھی تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئی،تخت بائی میں 106 اور مردان میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔

لاہورمیں نشتر ٹاؤن کے مقام پر 65 ملی میٹر، اسلام آباد میں بوکرہ 35 زیرو پوائنٹ 29 ملی میٹر، راولپنڈی میں کچہری 48 اورچکلالہ 40 ملی میٹر جبکہ بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش مسلم باغ میں 38 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد

Rain

kp

monsoon season