Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اداکار جنید جمشید نیازی کی شادی کی دلچسپ کہانی

ان دنوں مقبول ڈرامہ بے بی باجی میں وہ واصف کے کردار میں نظر آرہے ہیں
شائع 28 جولائ 2023 12:15am

پاکستان شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار جنید جمشید نیازی نے اپنی شادی کی دلچسپ کہانی سنا دی۔

جنید نیازی نے حال ہی میں اپنی اہلیہ شجیعہ نیازی کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔

شجیعہ نیازی نے شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دراصل ہمارا تعلق ایک ہی علاقے اور ایک ہی قبیلے ’نیازی‘ سے ہے، ہمارے گھر والے ایک دوسرے کو شادی سے پہلے سے جانتے تھے لیکن ہم دونوں کا براہِ راست کوئی رابطہ نہیں تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ مجھے سب سے پہلے جنید نیازی کے والد نے ٹیلی ویژن پر میرے پروگرام میں دیکھا اور اس کے بعد انہوں نے میرے بارے میں تحقیق کی۔

شجیعہ نیازی نے بتایا کہ ہماری شادی میں میرے کیریئر نے اہم کردار ادا کیا اور جب جنید کے والد نے میرے بارے میں تحقیق کی تو انہیں معلوم ہوا کہ ہم رشتے دار بھی ہیں اور پھر ہماری شادی کی بات چلی۔

جنید نیازی نے اپنی اہلیہ کی بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ میں آسٹریلیا سے پاکستان آیا تو میرے والد نے مجھے شجیعہ کی تصویریں دکھائیں جو میرے لیے کافی حیران کن بات تھی، میں اس وقت اپنی پڑھائی میں مصروف تھا تو میں نے والدین سے کہہ دیا کہ دیکھ لیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میری اس بات سے والدین کو لگا کہ میں راضی ہو گیا ہوں تو میری شادی طے کر دی۔

جنید نیازی نے بتایا کہ جب شادی ہوئی تو اس وقت شادی کا کوئی ارادہ نہیں تھا، ہماری شادی اچانک اور بہت جلدی میں ہوئی۔

واضح رہے کہ جنید نیازی کی اہلیہ شجیعہ نیازی پیشے سے صحافی ہیں اور اب ان کی ایک بیٹی بھی ہے، جس کا نام ’ایزا‘ ہے۔

Junaid jamsheed niazi