Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور ہائیکورٹ کے جج کی پرویز الہٰی کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر سماعت سے معذرت

جسٹس فاروق حیدر نے کیس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دیا
شائع 27 جولائ 2023 09:13pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس فاروق حیدر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔

چوہدری پرویز الہٰی کی نظر بندی کے خلاف کیس کی سماعت کا آغاز ہوتے ہی جسٹس فاروق حیدر نےذاتی وجوہات کی بناء پر کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

جسٹس فاروق حیدر نے کیس مزید سماعت کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دیا۔

چوہدری پرویز الہی نے اپنے وکیل عامر سعید راں کے توسط سے درخواست دائر کی، جس میں ایف آئی اے، نیب اور اینٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا۔

اس کے علاوہ درخواست میں آئی جی پنجاب، آئی جی جیل،ڈی سی لاہور کو بھی فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کی دہشت گردی کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت منظور کی، جیل حکام نے روبکار ملنے کے باوجود رہائی کی بجائے غیر قانونی طور پر حبس بیجا میں رکھا، غیرقانونی اقدام کو قانونی ظاہر کرنے کے لئے ڈی سی لاہور نے نظر بندی کا حکم جاری کردیا،عدالتی حکم کےبعد ڈی سی کانظر بندی نوٹیفیکیشن عدالتی فیصلے پر اثرانداز ہونے کےمترادف ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ڈی سی لاہور کا پرویز الہی کو نظر بند کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

Chaudhry Pervaiz Elahi

Lahore High Court

justice farooq haider