Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

’17 دن کی مہمان حکومت نے 51 ارب روپے جاری کردیے‘

خواجہ آصف کے خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ کی شدید مذمت کرتا ہوں، شاہ محمود قریشی
شائع 26 جولائ 2023 09:31am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئیر نائب صدر شاہ محمود قریشی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے خواتین سے متعلق دیے گئے بیان پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل خواجہ آصف نے غیرمناسب الفاظ استعمال کیے، اس طرح کے الفاظ خواجہ آصف کے شایان شان نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے انسدادِ دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سماعت پر جج نے پراسیکیوشن سے ثبوت سامنے لانے کا کہا تھا، آج جج صاحب چھٹی پر ہیں، ڈیوٹی جج نے سماعت آگے بڑھا دی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بل پر آج کل چرچہ ہورہا ہے جس پر تحفظات ہیں، حکومت کی اتحادی جماعتوں کے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات ہیں، رضا ربانی نے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، رضا ربانی نے کہا کہ کیا ہمیں صرف انگوٹھا لگانے کیلئے بلایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا اتنی عجلت میں ہونا سمجھ سے باہر ہے، آئین میں نگراں حکومت کے تصور کی نفی کی جارہی ہے، اسحاق ڈارکے نام پر ان کی اپنی جماعت نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، شیری رحمان نے کہا کہ ان کا نام ہمارے سامنے نہیں آیا، قائد حزب اختلاف نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی صورتحال پوری قوم کےسامنے ہے، بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے، گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 17 دن کی مہمان حکومت نے 51 ارب روپے جاری کردیے، الیکشن کمیشن رقم مختص اور جاری کرنے کا نوٹس لے۔

Shah Mehmood Qureshi