Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

مجرم آئندہ اقتدار میں اپنا حصہ پانے کیلئے باہم دست و گریباں ہیں، ترجمان پی ٹی آئی

سندھ کا ڈاکو جاتی امراء کے قزاقوں سے ناطہ توڑ کر آگے بڑھنا چاہتا ہے، ترجمان پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2023 08:46pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ مجرم آئندہ اقتدار میں اپنا حصہ پانے کیلئے باہم دست و گریباں ہیں، اور سندھ کا ڈاکو جاتی امراء کے قزاقوں سے ناطہ توڑ کر آگے بڑھنا چاہتا ہے۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے متوقع نگراں وزیراعظم بننے کے حوالے سے ترجمان تحریک انصاف نے بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ حکمران اتحاد کے ہاں جوتیوں میں دال بٹنے لگی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ مل جُل کر 15 ماہ تک قوم اور معیشت کو بھنبھورنے والے مجرم آئندہ اقتدار میں اپنا حصہ پانے کیلئے باہم دست و گریباں ہیں، اقتدار کے بھوکوں کا یہ ریوڑ تقسیم در تقسیم کا شکار ہورہا ہے، اور سندھ کا ڈاکو جاتی امراء کے قزاقوں سے ناطہ توڑ کر آگے بڑھنا چاہتا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار پر قابض چھوٹا مسخرہ ہر قیمت پر اپنی مدتِ چاکری میں توسیع کا خواہشمند ہے، دونوں کی اولادیں اپنے“ڈاروں“ کو آگے لانے میں مصروف ہیں، جب کہ سندھ کے“بھتہ خور“ اور پختونخوا کے ”بابا ایزی لوڈ“ اپنی اپنی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ فنا کا یقین ان سب کا مشترک خوف ہے، جو ماضی کے طرح مستقبل میں بھی انہیں کسی طاقتور کی ”کھونٹی“ سے باندھ رکھے گا، مجرموں کے سرکس کی نہیں قوم صاف، شفاف اور قابلِ اعتبار انتخابات کی محتاج ہے، مسخروں کی لامحدود خواہشات میں الجھنے کی بجائے ریاست ان سے آزادی مانگتی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ ساکھ اور اہلیت کا حامل غیرجانبدار نگران سیٹ اپ قائم کیا جائے اور انتخاب کو سازش و انجینئرنگ سے محفوظ بنایا جائے، عوام کو اپنے ووٹ سے مستقبل کے تعین کا موقع دیا جائے۔

pti

pti chairman

chairman pti