Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جی ڈی اے کا سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے ایم کیوایم کی حمایت کا اعلان

ہماری کوشش ہوگی غیر جانبدار نگراں حکومت قائم ہو، جی ڈی اے
شائع 25 جولائ 2023 06:12pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا۔

جی ڈی اے نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے ایم کیوایم پاکستان کی امیدوار رعنا انصار نقوی کی حمایت کا اعلان کردیا۔

ایم کیوایم پاکستان کا وفد فنکشنل لیگ ہاؤس پہنچا توجی ڈی اے رہنما نے استقبال کیا۔

ایم کیوایم وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، سید مصطفی کمال، خواجہ اظہار، رعنا انصار،علی خورشید سمیت دیگر شامل تھے۔

جی ڈی اے کے وفد میں ڈاکٹرصفدرعباسی، سردار عبدالرحیم، حسنین مرزا،عبدالرزاق راہموں، نسیم راجپر اور ارشد شر بلوچ شامل تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں جی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صفدرعباسی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے ایم کیوایم پاکستان اور جی ڈی اے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، فیصلہ کیا سندھ اسمبلی میں رعنا انصارکی حمایت کریں گے، اپوزیشن لیڈر کے لیے جی ڈی اے تمام ارکان دستخط کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں سندھ میں نیوٹرل نگراں سیٹ اپ بنے، کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے اسے تباہ کردیا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ غیر جانب دار نگراں حکومت قائم ہو۔

ایم کیوایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے حمایت پر پیرپگارا سمیت جی ڈی اے کی تمام قیادت کے شکرگزار ہیں، فیصلہ کیا مقابلہ کرنے کے بجائے مل کرکام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری اور دیہی سندھ میں خلیج ہے، جی ڈی اے سے مل اس خلیج کوختم کریں گے، کراچی تا کشمور تک محرومی ہے،غریب عوام کو دیوار سے لگا دیا گیا۔ سندھ میں نگراں سیٹ اپ اب پیپلزپارٹی، ایم کیوایم اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی مشاورت سے قائم ہوگا۔

karachi

Opposition leader

Sindh Assembly

GDA

MQM Pakistan