Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں آج بھی بارش کا امکان، سندھ میں بارشوں سے حادثات میں 15 اموات

دریائے راوی پر پانی کے بہاؤ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2023 08:41pm
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

کراچی سمیت سندھ بھر میں ہلکی اور تیز بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سندھ بھر میں بارشوں سے مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب دریائے راوی پر پانی کے بہاؤ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم اے نے ایک بار پھر ملحقہ آبادیوں کے انخلاء کے لیے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

کراچی میں آج بھی بارش

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور افسران کو اہم ہدایات جاری کیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر میں 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

بارش کے باعث تین ہٹی کے مقام پر گڑھا پڑگیا

کراچی میں ابر رحمت کراچی کے شہریوں کے لیے ابر زحمت بن گیا، بارش کے باعث تین ہٹی کے مقام پر گڑھا پڑگیا جبکہ مین روڈ پر گڑھا پڑنے کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔

گڑھا پڑنے کے باعث شہر کی اہم شاہراؤں پر ٹریفک جام ہونے سے 3 ہٹی، گرومندر، لسبیلہ اور نمائش چورنگی کے اطراف ٹریفک جام ہوگیا۔

حیدرآباد میں برساتی پانی میں ڈوب کر 2 بچے جاں بحق

ادھر ریسکیو ذرائع کے مطابق حیدرآباد میں برساتی پانی میں ڈوب کر 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔ 10 سالہ فصیح اور 12 سالہ کاشف تالاب میں نہا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بچے کچا قلعہ کے رہائشی تھے، واقعہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔

ادھر ٹھٹھہ، بدین، کندھ کوٹ، ٹنڈو محمد خان اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

لاڑکانہ میں شاہراہوں پر پانی جمع ہے، تاہم شہریوں کے مطابق پانی نکالنے کے لیے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے انتظامات نظر نہیں آرہے ہیں۔

ٹنڈوالہ یار میں تین روز سے جاری بارش سے جل تھل ایک ہوگیا ہے۔ مین شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، واپڈا کے ستائے ہوئے شہریوں نے بارش میں بھی احتجاجی مظاہرے کیا۔

شکارپور کے علاقے چک میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرگئی، حادثے میں رفیق بنگلانی کی تین بیٹیاں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں۔

شہدادکوٹ کے علاقے یار محمد بروہی میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ شوہر اور بہن زخمی ہوگئے.

پی ڈی ایم اے سندھ کی 15 اموات کی تصدیق

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سندھ بھر میں بارشوں سے مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

اموات کی تفصیلات بتاتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ شکارپور میں چھت گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوئیں، بچیوں کی عمر 3 تا 6 سال تھیں۔

پی ڈی ایم اے سندھ کا کہنا ہے کہ مختلف حادثات میں تھرپارکر میں 8 ، بدین میں 4 اورشکار پور میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

جاں بحق افراد میں 6 مرد، 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔

بدین میں نشیبی علاقوں میں پانی گھروں کے اندر داخل ہوگیا ہے، بارش کے دوران مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال

خیبر پختونخوا میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، پشاور کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

پشاور کے مختلف علاقوں میں رات کو ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

پشاور میں بارش کے بعد مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہے، پشاورت کے علاقے دلہ زاک روڈ، سوری پل اور سبزی منڈی میں بارش کا پانی جمع ہے، پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

تاہم، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں کو اب صاف کردیا گیا ہے۔

پشاور میں آج بھی مطلع ابر آلود ہے اور وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں آج مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائینڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ رات بالاکوٹ میں 16، کاکول میں 14، بونیر میں 13، پارا چنار میں 6، کالام میں 5 اور مالم جبہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مانسہرہ کے علاقے ڈمگلہ داتہ میں بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب مانسہرہ کے مشہور سیاحتی مقام ناران میں بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے اور موسم خوشگوار ہونے کے بعد سیاحوں کی موج مستیاں شروع ہوگئی ہیں، سیاح دریائے کنہار کے ٹھنڈے پانی آبشاروں اور ریور رافٹنک سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

پاک پتن سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

بلوچستان میں رابطہ سڑکیں متاثر

بلوچستان میں بھی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جن سے قومی شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

جھل مگسی گنداواہ میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، جس سے جھل مگسی کا گنداواہ، نوتال، شہداد کوٹ، اوستہ محمد خضدار، سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع جھل مگسی گنداواہ میں بھی بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کچے مکانات گر گئے، برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

سب سے زیادہ بارش پنجاب میں

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹےمیں سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں 143 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، اس کے بعد قصور میں 106 ملی میٹر، راولپنڈی میں کچہری میں 70، چکلالہ میں 62 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اسلام آباد میں بوکرہ کے مقام پر 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن میں 100 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 58، گلشن معمار میں 54 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

سکھر اور ٹھٹھہ میں 90 ملی میٹر بارش ہوئی، حیدرآباد میں 87 ، ٹنڈو جام میں 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بنوں میں 78 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Karachi Rain

flood 2023