Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کولمبو ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستان کے نام، 2 وکٹوں پر 145 رنز بنالیے

سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے21 رنز درکار
شائع 24 جولائ 2023 06:25pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

کولمبو میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلا روز پاکستان کے نام رہا، قومی ٹیم نے سری لنکا کو جلد آؤٹ کرنے کے بعد پہلے روز کے اختتام پر 2 وکٹوں پر 145 رنز بنالیے جبکہ میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے21 رنز درکار ہیں۔

سری لنکن اننگز

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، ابتداء میں ہی میزبان ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑ گیا جب 9 سکور پر نشان مدھوشکا 4 رنز بنا کر شان مسعود کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے، 23 سکور پر کوشال مینڈس 6 رنز بنا کر شاہین شاہ کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔

اینجلو میتھیوز بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 9 سکور بنا کر نسیم شاہ کی شاندار گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان کرونا رتنے 17 رنز بنا کر نسیم شاہ کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے، اس دوران چندیمل اور ڈی سلوا نے کچھ مزاحمت دکھائی اور سکور کو آگے بڑھایا، 121 اسکور پر چندیمل 34 رنز بنا ہمت ہار بیٹھے اور نسیم شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا، ڈی سلوا 57 رنز بنا کر سرفہرست رہے، سماراوکراما صفر، مینڈس 27، جے سوریا 1، فرنینڈو 8 بنا کر چلتے بنے اور یوں سری لنکن ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 وکٹیں لیں اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک وکٹ آئی جبکہ 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی اننگز

پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے پہلی اننگز کا آغاز کیا توگرین شرٹس کو بھی شروع میں ہی نقصان اٹھانا پڑا۔ 13 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گرگئی، اوپنر امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس دوران عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے جارحانہ انداز اپنایا اور وکٹ کے چاروں اطراف بولرز کی خوب درگت بنائی، دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 100 سے زائد کی پارٹنر شپ بنی، جس کا خاتمہ ایک مرتبہ پھر فرنینڈو نے شان مسعود کی وکٹ لے کر کیا۔

اوپنر عبداللہ شفیق اور شان مسعود دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، شان مسعود نے 47 گیندوں پر 51 رنز کی باری کھیلی، اس اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

پہلے روز کھیل ختم ہونے کے دوران قومی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 21 رنز درکار ہیں۔ عبداللہ شفیق 74 اور بابر اعظم 8 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کافی پریکٹس کی ہے، پرفارمنس برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، دو فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پاکستان پلیئنگ الیون

پاکستان کی ٹیم میں امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، آغا سلمان، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

babar azam

test match

Naseem shah

pakistan vs sri lanka

abrar ahmed

colombo test