Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سری لنکن بیٹسمین اسپنر ابرار احمد کے جال میں پھنس گئے، 166 پر آل آوٹ

نسیم شاہ نے 3 سری لنکن بلے بازوں کا شکار کیا، شاہین کی ایک وکٹ
اپ ڈیٹ 24 جولائ 2023 04:45pm
فوٹو ــ پی ٹی وی
فوٹو ــ پی ٹی وی

پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کولمبو میں کھیلا جارہا ہے، سری لنکن بیٹسمین اسپنر ابرار احمد کے جال میں پھنس گئے، میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 166 پر آل آوٹ ہوگئی۔

کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کرکے میزبان ٹیم کو بڑا ہدف دینے سے روک دیا۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندیمل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی، ایک کھلاڑی کو شان مسعود نے رن آوٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم نے میچ کے پہلے دن پہلی اننگ میں سری لنکن بیٹسمیوں کو شروع سے ہی دباؤ میں رکھا۔ میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 9 رنز پر گری تھی جب نشان مدھوشکا 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی دوسری وکٹ 23 رنز پر گری، شاہین شاہ آفریدی نے کوشل مینڈس کو 6 رنز پر چلتا کیا۔

سری لنکا کے تیسرے کھلاڑی 36 رنز کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ نے اینجلو میتھیوز کو 9 رنز پر پویلین بھیجا۔ چوتھی وکٹ بھی 36 رنز پر گری، نسیم شاہ نے سری لنکن کپتان کو 17 رنز پر آؤٹ کیا۔

دنیش چندیمل کو نسیم شاہ نے 34 رنز پر آؤٹ کیا تو یہ میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ تھی جو 121 رنز پر گری، اس کے علاوہ سری لنکا کی چھٹی وکٹ ابرار احمد کے حصے میں آئی، انہوں نے سدیرا سمارا وکرما کو صفر پر آؤٹ کیا۔

اسپنر ابرار احمد نے میزبان ٹیم کے ساتویں کھلاڑی دھننجایا ڈی سلوا کو آوٹ کیا تو سری لنکا کا اسکور 133 رنز تھا۔ میزبان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 136 رنز پر گری، جب پراباتھ جےسوریا 1 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

میزبان ٹیم کی نویں وکٹ 163رنز پر گری یہ وکٹ بھی ابرار احمد کو ملی جبکہ دسویں وکٹ 166 رنز پر گری، دسویں وکٹ بھی ابرار لے اڑے۔

بابر اعظم

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کافی پریکٹس کی ہے پرفارمنس برقرار رکھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ سری لنکا کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، گال ٹیسٹ جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-1کی برتری حاصل ہے۔

گال ٹیسٹ میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرکے سری لنکا کو شکست دی تھی، اس میچ میں سعود شکیل نے ڈبل سنچری اسکور کی تھی جس پر انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔

babar azam

Pakistan Cricket Team

test cricket

pakistan vs sri lanka