Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

قرآن کی بے حرمتی کرنے والا دنیا کے جس حصے میں ہو ہم بدلہ لیں گے، مولانا فضل الرحمان

تم نے ہماری سرخ لکیر کو کراس کیا ہے، سربراہ جے یو آئی
اپ ڈیٹ 23 جولائ 2023 07:01pm

سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہناہے کہ قرآن کی بے حرمتی کرنے والا دنیا کے جس حصے میں ہو ہم بدلہ لیں گے، تم نے ہماری سرخ لکیر کو کراس کیا ہے۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں امریکا کو بتانا چاہتا ہوں کہ تم نے نام نہاد دہشتگرد کا نعرہ لگا کر مسلمانوں کے خلاف اشتعال پیدا کیا اور اسلام کو ختم کرنے کی کوشش کی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا کے چہرے سے لبرازم کا نقاب اتر چکا ہے، تم مسلمان کو برداشت نہیں کرسکتے، تم نے ہماری سرخ لکیر کو کراس کیا ہے، ہم مزید اس قسم کی حرکات کو برداشت نہیں کریں گے، اسلامی دنیا نے اپنے سفیر سویڈن سے واپس نہ بلائے تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے ۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ مغربی دنیا کچھ بھی کرلے اسلام کو کبھی ختم نہیں کرسکتی، امریکہ کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ اسلام کو ختم کرنے منصوبے نہ بنائے، اسلام بھی رہے گا، قرآن بھی رہے گا اور رسول اللہ کا نام بھی رہے گا، ہم نے دنیا کو اس طرف آگے بڑھنے سے روکنا ہے، اگر تم نہ رکے تو دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو ہم بدلہ لیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، نبی کی ناموس ہو یا قرآن پر حملہ امت مسلمہ اپنے اوپر جنگ سمجھتی ہے، مسلمان اگر بپھر گئے تو دنیا میں قرآن کی توہین کرنے والوں کو کہیں جگہ نہیں ملے گی، ہم قرآن کریم پر ایمان رکھتے ہیں، یہ اللہ کی کتاب ہے، حضور کریم کو ہم اپنا پیغمبر سمجھتے ہیں تو حضرت عیسی کو بھی پیغمبر مانتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ اسرائیل پاکستان کے معاملات میں مداخلت کرتا ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے، اس کا ایجنٹ پاکستان میں ہار گیا ہے، اگر یہ اپنے ایجنٹ کو تحفظ فراہم کرنا چاہتا ہے تو اس کو اپنے پاس بلا لے، الیکشن ہوں گے ہم جیتیں یا نہ جیتیں میدان نہیں چھوڑیں گے۔

Molana Fazal ur Rehman

Quran Burning

DESECRATION OF THE HOLY QURAN IN SWEDEN