Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وکیل قتل کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کیلئے تشکیل پہلا بینچ بحال

جسٹس مسرت ہلالی ہی 3 رکنی بینچ کا حصہ ہوں گی
شائع 23 جولائ 2023 04:22pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کیلئے تشکیل پہلا بینچ بحال کردیا گیا ہے، اور اب جسٹس مسرت ہلالی ہی 3 رکنی بینچ کا حصہ ہوں گی۔

چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست پر وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں سماعت کے لئے تشکیل دیا گیا پہلا بینچ بحال کردیا گیا ہے، 3 رکنی بینچ میں جسٹس مسرت ہلالی ہی حصہ ہوں گی، اور جسٹس محمدعلی مظہر کو بینچ سے نکال دیا گیا ہے۔

جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں3رکنی بینچ کیس کی سماعت کل کرے گا، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کا حصہ ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے عمران خان کو طلب کرلیا

20 جولائی کو جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف لینے کیلئے درخواست گزار کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کرعدالت کے سامنے سرنڈرکرنا ہوتا ہے، چئیرمین پی ٹی آئی کو کہیں کہ وہ خود عدالت میں پیش ہوں۔

جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان آج پیش ہوسکتے ہیں جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ ایک گھنٹے میں سپریم کورٹ آجائیں گے۔

جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی کو آج آنے کا کہہ دیتے ہیں جبکہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ بہتر ہوگا پہلے حکومتی وکیل کا اس کیس میں جواب آجائے پھر عمران خان پیش ہوں۔

پراسیکوٹر جنرل بلوچستان نے جواب جمع کروانے کیلئے مہلت کی استدعا کی تو عدالت نے فریقین کو جواب جمع کروانے کیلئے مہلت دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو کوئٹہ وکیل قتل کیس میں 24 جولائی کو صبح دس بجے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر قتل کیس کی سماعت کا بینچ تبدیل کر دیا گیا تھا، اور جسٹس مسرت ہلالی کی جگہ جسٹس محمد علی مظہر کو شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ چند ہفتے پہلے کوئٹہ میں ائر پورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر جاں بحق ہوگئے تھے، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے۔

جس کے بعد 7 جون 2023 کو سنگین غداری کیس کے پٹیشنر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ کوئٹہ میں پی ٹی آئی چئیرمین کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

مقدمہ مقتول وکیل کے بیٹے کی مدعیت میں شہید جمیل کاکڑ تھانہ میں درج کیا گیا تھا۔

imran khan

chairman pti