حمزہ خان کی شاندار کامیابی، پاکستان 37 سال بعد جونیئر اسکواش چیمپئن بن گیا
پاکستان کے نوجوان کھلاڑی حمزہ خان نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، حمزہ خان نے پاکستان کو 37 سال بعد ورلڈ جونیئرچیمپئن بنا دیا۔
اسکواش کے میدان سے پاکستان کے لئے بڑی خوشخبری آگئی۔ پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی حمزہ خان نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
حمزہ خان نے پاکستان کیلٸے37 سال بعد ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتی۔
فائنل میں حمزہ خان نے مصر کے محمد ذکریا کو 1-3 سے شکست دی۔
اسکواش لیجنڈ جان شیر خان نے آخری بار 1986 میں ورلڈ جونیئر کا ٹائٹل جیتا تھا۔
نوجوان کھلاڑی حمزہ خان نے سیمی فائنل میں فرنچ کھلاڑی کو شکست دی تھی۔
حمزہ اور فرانسیسی کھلاڑی کے درمیان سیمی فائنل 81 منٹ جاری رہا تھا۔ حمزہ نے فرانس کے میلول سیانی مینیکو کو تین- دو سے شکست دی۔
یاد رہے کہ حمزہ خان کا تعلق پاکستان آرمی سے ہے، وہ قومی سطح پر متعدد ٹائٹل اپنےنام کرچکے ہیں، اس ایونٹ سے پہلے حمزہ خان جونیئرعالمی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر تھے۔
وزیر اعظم کی مبارکباد
وزیراعظم شہبازشریف نے ورلڈ جونئیر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر حمزہ خان، ان کے والدین، قوم اور کوچ سمیت تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حمزہ خان نےانیس سو چھیاسی کی ورلڈ اسکواش چیمپئین شپ میں جان شیر کی فتح کی یاد تازہ کردی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسکواش کے میدان میں پاکستان کا پرچم ایک بار پھر بلند کرنے پر قوم حمزہ خان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، امید ہے کہ آنے والے وقت میں آپ اسکواش میں پاکستان کو ایک بار پھر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان کے 15 ماہ کے دور اقتدار میں کوہ پیمائی، باکسنگ، اسکواش اور دیگر کھیلوں میں پاکستان نے کئی اعزاز اپنے نام کئے۔
گورنر پنجاب کی مبارکباد
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بھی حمزہ خان کو ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئنن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ آپ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہے، آپ اسی طرح وطن عزیز کا نام روشن کرتے رہیں۔
ڈی جی اسپورٹس پنجاب نے بھی نوجوان کھلاڑی حمزہ خان کو اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارک باد پیش کی۔
Comments are closed on this story.