Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک بھارت کے درمیان سفر پر پابندی نہیں ہونی چاہئے،ہمایوں سعید

یہ تقریباً ناممکن ہوگیا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرسکیں، اداکار
شائع 22 جولائ 2023 10:42pm

پاکستانی سپراسٹار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ محبت آفاقی ہوتی ہے، اسے سرحدوں اور سیاست کا پابند کرنا درست نہیں ہے۔

بھارتی نیوز ایجنسی کو ایک انٹر ویو میں اداکار نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے پاکستانیوں اور بھارتیوں کو ایک دوسرے کے ملک میں سفر کرنے کا ویزا نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریباً ناممکن ہوگیا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرسکیں، یہ درست نہیں ہے، محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور ہمارے سیاستدانوں کو یہ بات سمجھنی چاہئے۔

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ دونوں ملک کے عوام کا لہجہ اور زبان ایک جیسی ہے اور دونوں کے رشتہ دار ہر ملک میں رہتے ہیں چناں چہ ان کے درمیان پابندی نہیں ہونی چاہئے۔

ہمایوں سعید نے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی کامیاب محبت اور شادی کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ دونوں کی کامیاب شادی بھی ایک مثال ہے، اس کے علاوہ ایسے جوڑے کو بھی جانتا ہوں جو بھارتی ویڈیو ڈائریکٹر ہے جس نے لاہور کی ایک خاتون سے شادی کی تھی اور یہ جوڑا اب ممبئی میں رہتا ہے،9 سال قبل میں اس جوڑے کو بھارت میں مل چکا ہوں۔

نامور اداکار نے اپنے خاندان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ والد بھارت میں پیدا ہوئے اور ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ وہ بھارت جاکر اپنی جائے پیدائش کو دیکھ سکیں، مگر اب ان کا انتقال ہوگیا ہے اوران کی خواہش پوری نہ ہوسکی، لیکن میں اس جگہ ضرور جانا چاہتا ہوں،لہذا پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدیں آگئیں، چاہتا ہوں کہ دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے کے ہاں سفر کر سکیں۔

ایشیاکپ 2023پر ہمایوں سعید نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ بھی شروع ہونیوالا ہے،جس میں بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے ، اس لئے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے چاہیے، پاکستانی ٹیم کو بھارت کا دورہ کرنا چاہیے اور کھیلنا چاہیے اور ہمیں بھی وہاں جانے کا موقع ملنا چاہیے

Humayun Saeed