محرم الحرام: اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی عائد
اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق محرام الحرام میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی، صحافیوں اور خواتین کو ڈبل سواری سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ اسلحے کی نمائش پر بھی سخت پابندی ہوگی، جس کا مقصد عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنا ہے۔
محرم الحرام کے دوران پولیس کی بھاری نفری اہم مقامات مجالس اورجلوسوں پرتعینات ہوگی، اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی سیکیورٹی پلان بھی مرتب کرلیا، جلوسوں کے تمام راستوں مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔
دوسری طرف دفعہ 144 کے تحت اسلام آباد میں آج سے 2 ماہ تک ڈرون کیمروں پر پابندی ہوگی جس کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حساس تنصیبات کے رہائشیوں کی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ڈرون کیمروں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
Comments are closed on this story.