Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آج سے سندھ میں انقلاب شروع ہورہا ہے، بلاول بھٹو

وعدہ ہے کہ سیلاب سے جس کے گھر کو نقصان ہوا اسے مالکانہ حقوق دلوائیں گے، چیرمین پی پی پی
شائع 21 جولائ 2023 07:56pm

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج سے سندھ میں انقلاب شروع ہورہا ہے، صوبے میں سیلاب متاثرین کے لئے 20 لاکھ گھر بنانے ہیں، یہ اتنے مضبوط گھر ہیں کہ اب کوئی سیلاب آیا تو نقصان نہیں ہوگا۔

لاڑکانہ میں سیلاب زدگان کے منہدم گھروں کی تعمیر نو کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج سے آپ کے خوشی کے دن شروع ہورہے ہیں، وعدہ ہے کہ جس کے گھر کو نقصان ہوا اسے مالکانہ حقوق دلوائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلاب سے ہمیں تاریخی نقصان ہوا، تاہم جو نقصان ہوا اسے درست کرتے جارہے ہیں، ہمیں پورے صوبے میں 20 لاکھ گھر بنانے ہیں، ان گھروں کی تعمیر میں وقت تو ضرور لگے گا، لیکن ہمارے صوبے سے ایک انقلاب شروع ہورہا ہے، یہ اتنے مضبوط گھر ہیں کہ اب کوئی سیلاب آیا تو نقصان نہیں ہوگا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ مالکانہ حقوق نہ ہوں تو احساس تحفظ نہیں ہوتا، ہم ان گھروں کے مالکانہ حقوق دیں گے، جس کے بعد آپ کی مرضی ہے جو چاہے کریں، ہم نے ایک سانحہ کو مواقعوں میں تبدیل کیا ہے، آپ کی مالی صورتحال سیلاب سے پہلے والی صورتحال سے بہتر ہوگی، لوگوں کو شاید اندازہ نہ ہو لیکن آج سے انقلاب شروع ہورہا ہے، سندھ حکومت سے زمین لے کر خواتین کو دلوارہے ہیں، خواتین کو مضبوط کرنے سے پورا خاندان مضبوط ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی ہے، بےروزگاری ہے، غربت بڑھتی جارہی ہے، مسائل کا حل عام آدمی کی مدد کرنے سے ہی نکلے گا، وہ دن دور نہیں جب ہم پاکستان کو معاشی طور پرمضبوط بنائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی انقلابی منصوبے لے کر آتی ہے، الیکشن دور نہیں ہے، ہم اسی قسم کے منصوبے دیگر منصوبوں کے لیے لائیں گے، الیکشن جیتنے کے بعد عوام دوست منصوبے شروع کرائیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ امیر کو امیر تر بناتے ہیں تو وہ امیر یہ پیسہ اپنے بینک اکاؤنٹ میں ڈال کر بھول جاتے ہیں، اگر آپ غریب کو پیسے دیں گے، تو وہ غریب یہ پیسہ اپنے بچے اور خاندان پر خرچ کریں گے، غریب کو پیسہ ملے تو یہ پیسہ پوری معیشت میں پھیلتا ہے، عام آدمی کی مدد کر کے ملک کی ترقی میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو کو بریفنگ

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی گاؤں وکیا سانگی آمد، سیلاب متاثرین کے لئے تعمیر ہونے والے گھروں کا جائزہ لیا

لاڑکانہ: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود

لاڑکانہ: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سیلاب متاثرین کے لئے سندھ پیپلزہاؤسنگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ملک نجف خان اور سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن چیف ایگزیکٹو آفیسر دیتل کلہوڑو نے تعمیر ہونے والے گھروں سے متعلق بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گاؤں وکیا سانگی کے 266 سیلاب سے تباہ گھروں میں سے 147 گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے، 138 سیلاب متاثرین کو گھروں کی تعمیر کے لئے پہلی قسط، 102 کو دوسری جب کہ 60 تیسری قسط جاری ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا خطاب

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ مالکانہ حقوق دینے کی تقریب ہے، پچھلے سال ہم سب کی آزمائش ہوئی، کشمور سے کراچی تک برسات کا پانی تھا، ہم نے زیادہ سے زیادہ امداد پہنچانے کی کوشش کی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ہدایت کی کہ لوگوں کو گھر بنوا کر دیں، سیلاب پہلے بھی آئے لیکن کبھی کسی نے ان کو گھر بنا کر نہیں دیئے، اب بھی اگر بلاول بھٹو کا دباؤ نہ ہوتا تو یہ کام نہ ہوتا، چیئرمین نے کہا تھا کہ لوگوں کو مالکانہ حقوق بھی دینے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ آج چیئرمین پیپلزپارٹی 5 ہزار سندیں دے رہے ہیں، 15 لاکھ گھروں کی سندوں کا ہوم ورک تیار کرچکے ہیں، پیر سے ہر ضلع میں یہ کام کریں گے،21 لاکھ گھر سب کو مالکانہ حقوق کے ساتھ ملیں گے، بلاول بھٹو جب وزیراعظم بنیں گے تو پورے پاکستان میں ایسی اسکیمز ہوں گی۔

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)