Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

بارشوں کا سلسلہ ابھی تھمنے والا نہیں، مون سون ہوائیں ملک میں داخل

موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ
اپ ڈیٹ 21 جولائ 2023 08:14pm

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے، اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے، کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور سیاحوں کو بارشوں کے دوران محتاط اور محفوظ مقامات پر رہنے کا کہا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی آئندہ مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہورہی ہیں، اور 26 جولائی تک ملک کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران پنجاب، خیبرپختون خوا، سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، اور چند مقامات پر شدید موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی بارشیں متوقع

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان، موسی خیل، کوہلو اور نصیر آباد سمیت بلوچستان میں بھی بارش متوقع ہے، تاہم سندھ کے بیشتر علاقوں سمیت جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، اور موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے، جب کہ مری، گلیات، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اور کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیاحوں کو بارشوں کے دوران محتاط اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کردی ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

پنجاب کے اضلاع میں شدید بارشیں ہوں گی

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 جولائی تک کشمیر گلگت بلتستان مری، گلیات، اٹک میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، نارووال، فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوں گی، اور موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانولہ میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔

سندھ بھر میں بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے 22 سے 24 جولائی تک کراچی، حیدرآباد، سکھر لاڑکانہ، عمر کوٹ، تھر پارکر، ٹھٹھہ، اور بدین سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، کراچی اور حیدرآباد میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ڈیرہ غازی خان اور شمالی مشرقی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

مون سون بارشوں کا سلسلہ ابھی تھمنے والا نہیں

دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ ابھی تھمنے والا نہیں، ملک کے بیشترعلاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے اس دوران ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور سڑکیں زیرِ آب آنے کا خطرہ، جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلگت بلتستان میں گلوف اورفلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق تیز آندھی سے بجلی کے کھمبے، سولر پینلز، ہورڈنگز، اونچے درختوں اور زیر تعمیر عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مطلوبہ ایمرجنسی عملہ و مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے روز مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، قصور اور میانوالی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو ریلیف ٹیموں کو متحرک کیا جائے اور شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں، اور نشیبی علاقوں سے لوگوں کے انخلاء کو بھی یقینی بنایا جائے۔

این ڈی ایم اے نے آئندہ تین روز میں منگلا ڈیم ، دریائے جہلم اور چناب میں پانی کا اخراج تیز ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، اور گلگت بلتستان میں فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخواہ کے بیشتراضلاع میں کہیں کہیں پر تیز ہواوُں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، اور بتایا ہے کہ صوبے کے بعض مقاما ت پر موسلادھاربارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث کئی علاقے پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ کے نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں، اور صوبے کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بونیر میں 72 ملی میٹر، تخت بھائی 36، کاکول 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ مالم جبہ اور دوسرے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

وادی کاغان کے بالائی علاقوں میں بارش سے لیند سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ کاغان جزوی بند کردی گئی ہے اور سیاحوں کی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔

کے ڈی اے کے مطابق مختلف مقامات سے مٹی کے تودے ہٹانے کا کام مکمل ہوگیا ہے، اور پھنسے سیاحوں کی گاڑیوں کو ریسکیو کرلیا۔

Rain

floods

Karachi Rain

rainy weather

Punjab Rains

land sliding

flood 2023