Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کیا نوجوان کھلاڑی نے واقعی وزیراعظم کے ساتھ مصافحے سے انکار کیا

ویڈیو وائرل ہونے کے سوشل میڈیا پر تبصروں کا طوفان
شائع 21 جولائ 2023 11:18am
اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

سوشل میڈیا پر وزیراعظم شہباز شریف کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہیں طالبعلوں سے مصافحہ کرتےدیکھا جاسکتا ہے، صارفین میں یہ بات زیربحث ہے کہ ایک طالبعلم نے ان سے ہاتھ ملانا پسند نہیں کیا۔

یہ ویڈیو 18 جولائی 2023 کو یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو پروگرام کے تحت اسلام آباد میں پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کے افتتاح کے موقع پر بنائی گئی تھی۔

ویڈیو میں وزیراعظم ایک قطارکی صورت آگے بڑھتے طلبا سے باری باری ہاتھ ملا رہے ہیں ، اس دوران ایک طالبعلم انہیں مکمل طور پرنظرانداز کرتا دکھائی دیتا ہے جو شہباز شریف کی جانب دیکھے بغیر اپنا ہاتھ قدرے گریزکے ساتھ ایسے آگے بڑھا رہا ہے جس سے یہ تاثرآرہا ہے وہ درحقیقت مصافحہ نہیں کرنا چاہتا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت معروف شخصیات کی جانب سے بھی تبصرے دیکھنے میں آئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے ویڈیو شیئرکرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں ایک کھلاڑی کی جانب سے وزيراعظم کے ساتھ ايسے روہے کو ناقابلِ برداشت قراردیتے ہوئے لکھا کہ اسے فوراً اس کو ٹيم سے فوری فارغ کريں ۔

شوکت عزیز صدیقی کے مطابق، ’اُس نے اپنے طرزِ عمل سے اپنے حسب نسب کا بتا ديا ہے اور پاکستان کی رُسوائی کا سبب بنا ہے‘۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے مخالفت میں کی جانے والی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت میں لکھا، ’یہ کوئی شرمندگی کی بات نہیں، اسپورٹس مین شپ کے جذبے کی توہین ہے‘۔

انہوں نے اس اقدام کونوجوان کھلاڑی کو تربیت دینے والی اسپورٹس اکیڈمی کے لیے باعث شرمندگی قراردیا۔

عام سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کیے جانے والے تبصروں میں بھی بیشتر نے نوجوان کھلاڑی کے اس اقدام کی مذمت کی ۔

صحافی وسیم عباس نے اپنی ٹویٹ میں اس معاملے پر وزیراعظم ہاؤس کا موقف واضح کیا۔

انہوں نے لکھا، ’ وزیر اعظم آفس کے مطابق یہ گزشتہ ہفتے کی ویڈیو ہے اور نوجوان تھوڑا پریشان تھا لیکن آخر میں اس نے ہاتھ ملالیا’۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ایک افسر کا کہنا ہے کہ ’اب سوشل میڈیا اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر لے رہاہے‘ ۔

PM Shehbaz Sharif