انور مقصود کے نام سے جعلی اکاونٹس نے بلال مقصود کو پریشان کردیا
بلال مقصود نے اپنے والد انور مقصود کے نام سے کی جانے والی جعلی ٹوئٹس پر شدید تشویش کا اظہارکردیا۔
سوشل میڈیا پرانور مقصود کے نام سے بننے والے جعلی اکاؤنٹس اور اُن سے کی جانے والی جعلی ٹوئٹس دانشور اور ان کے بیٹے کے لیے دردِ سر بن چکی ہیں۔
گزشتہ روز بلال مقصود نے اپنے والد کے نام سے کی جانے والی ٹوئٹس کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسی فیک ٹوئٹس کی وجہ سے میرے والد کی زندگی خطرے میں پڑتی ہے۔ اس شخص (جس نے انور مقصود کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے) نے مجھے پہلے سے ہی بلاک کیا ہوا ہے۔ براہ کرم کیا آپ سب اس کا اکاؤنٹ رپورٹ کر سکتے ہیں؟ ابو سوشل میڈیا پر کچھ بھی پوسٹ نہیں کرتے۔ اُن کے اصلی اکاؤنٹ سے صرف تین پوسٹس کی گئی ہیں۔ ہم نے اس وجہ سے اکاؤنٹ بنایا تاکہ ہم جعلی اکاؤنٹس کو رپورٹ کر سکیں۔‘
دوسری جانب بلال مقصود نے کچھ عرصہ قبل فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ انور مقصود نوکیا کا سادہ یعنی بٹن والا فون استعمال کرتے ہیں۔
Comments are closed on this story.