Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیوٹی پارلر بندش کیخلاف افغان خواتین کا احتجاج، طالبان کی ہوائی فائرنگ

'طالبان نے ہوائی فائرنگ کی اور بعض خواتین کو اٹھا کر بھی لے گئے'
شائع 20 جولائ 2023 12:19pm
افغان خواتین کابل کے علاقے شہر نو میں ایک بیوٹی سیلون کے سامنے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کر رہی ہیں (تصویر: اے ایف پی)
افغان خواتین کابل کے علاقے شہر نو میں ایک بیوٹی سیلون کے سامنے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کر رہی ہیں (تصویر: اے ایف پی)

افغانستان میں طالبان حکام کی جانب سے بیوٹی پارلرز پر پابندی کے خلاف کابل میں احتجاج کرنے والی درجنوں افغان خواتین نے مظاہرہ کیا، جنہیں منتشر کرنے کیلئے سیکیورٹی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی۔

اگست 2021 میں اقتدار پر قبضے کے بعد سے، طالبان حکومت نے لڑکیوں اور خواتین کو ہائی اسکولوں اور یونیورسٹیوں سے دور کردیا ہے، خواتین پر پارکوں، تفریحی میلوں پر جانے پر پابندی لگا دی ہے، اور انہیں عوامی مقامات پر پردہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

طالبان حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری ہونے والے حکم کے تحت ملک بھر میں ہزاروں بیوٹی پارلرز بند کردیے گئے ہیں۔

یہ بیوٹی پارلز افغان خواتین چلاتی تھیں جو اکثر گھرانوں کی آمدنی کا واحد ذریعہ ہیں۔

افغانستان میں عوامی مظاہرے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں اور اکثر انہیں طاقت کے ذریعے منتشر کردیا جاتا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق بدھ کو احتجاج میں 50 کے قریب خواتین شریک تھیں۔

مظاہرین نے بعد میں صحافیوں کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں جن میں دکھایا گیا کہ حکام انہیں منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کررہے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق کابل میں بیوٹی پارلرز کے لیے مشہور علاقے ”بوچر اسٹریٹ“ (کوچہ قصابی) پر ہونے والے اس احتجاج میں شریک ایک خاتون نے ایک تختی اٹھا رکھی تھی، جس پر لکھا تھا کہ ’’میری روزی روٹی اور پانی تو مت چھینو۔‘

 افغان خواتین کابل کے علاقے شہر نو میں ایک بیوٹی سیلون کے سامنے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کر رہی ہیں (تصویر: اے ایف پی)
افغان خواتین کابل کے علاقے شہر نو میں ایک بیوٹی سیلون کے سامنے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کر رہی ہیں (تصویر: اے ایف پی)

بیوٹی پارلر میں کام کرنے والی ایک خاتون نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا، ’ہم تو بس اپنے کام کرنے کا حق اور اس حوالے سے حکم کی منسوخی چاہتے ہیں۔ لیکن طالبان نے اس کا جواب واٹر کینن اور ہوائی فائرنگ سے دیا اور بعض خواتین کو اٹھا کر بھی لے گئے۔‘

afghanistan

firing

protest

Taliban

Beauty Parlours