یقین کرنے والے جان لیں، ’یہ سیما حیدر نہیں ہیں‘
پب جی کے زیر اثر بھارتی نوجوان کی محبت میں 4 بچوں سمیت پاکستان چھوڑ کر بھارت جانے والین سیمارند سوشل میڈیا کی بھرپور توجہ سمیٹے ہوئے ہیں۔ مذہب کی تبدیلی سے لیکر جاسوس ہونے کے الزام تک کی خبریں سامنے آنے کے بعد بھارتی میڈیا پر ایک اور شوشہ چھوڑا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پاکستانی فوج کے یونیفارم میں ملبوس ایک خاتون کی تصویر وائرل ہے جسے سیما حیدر قرار دیتے ہوئے تصویر کو اس بات کا ثبوت قراردیا جارہا ہے کہ سیما جاسوس ہی ہے۔
تصویر وائرل ہونے کے بعد بھارتی صارفین نے فیکٹ چیک شیئرکرتے ہوئے باور کروایا ہےکہ بیوقوف بننے سے بہتر ہے تصدیق کر لیا کرلیں۔
اس تصویرمیں سیما حیدر قراردی جانے والی خاتون دراصل پاک فوج کی میجر سمیعہ رحمان ہیں جو اقوام متحدہ کی امن فورس میں بھی خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔
پاکستان آرمی کے یونیفارم میں ملبوس سمیعہ نے ہاتھ میں اقوام متحدہ کی جانب سے دیا جانے والا سرٹیفکیٹ تھام رکھا ہے جبکہ اس تصویرکے ساتھ موازنے کیلئے سیما کی اصل تصویربھی جوڑی گئی ہے جس میں انہوں نے ساڑھی پہن رکھی ہے ۔
چہرے کے خدوخال میں واضح فرق کے باوجود ان دونوں تصاویر کو سیما رند کی تصاویرقرار دیا جارہا ہے۔
سمیعہ رحمان نے سال 2019 میں اقوام متحدہ کی امن فورس کے تحت کانگو میں کام کیا تھا جس پر انہیں سیکریٹری جنرل سرٹیفیکیٹ دیا گیا۔
واضح رہے کہ سمیعہ رحمان آئی ایس پی آر کے تعاون سے تیار کردہ ٹی وی ڈرامہ سیریل ’صنفِ آہن‘ میں بھی میجر کا کردار ادا کرچکی ہیں۔
Comments are closed on this story.