Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

چین کے تعاون سے تیار مزید 2 ایلفا فریگیٹس پاک بحریہ کے حوالے

134 میٹر طویل، 42 ہزار ٹن ڈسپلیسمنٹ کے ساتھ طغرل کلاس فریگیٹس کی رفتار 27 ناٹس تک ہے
اپ ڈیٹ 20 جولائ 2023 04:05pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

چین کے تعاون سے تیارٹیپو سلطان اور نور جہاں نامی ایلفا فریگیٹس پاک بحریہ کے حوالے کردیئے گئے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پاک نیوی ڈاک یارڈ آمد پر نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی نے وزیر دفاع کا استقبال کیا جب کہ تقریب میں سول و ملٹری افسران اور چینی شپ یارڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پاک بحریہ ترجمان کا کہنا ہے کہ مہمان خصوصی نے دونوں ایلفا فریگیٹس کی کمانڈ سکرولز کمانڈر پاکستان فلیٹ کے حوالے کیں، خواجہ آصف نے خطے میں بحری امن و استحکام پر پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

وزیر دفاع نے جہازوں کی بروقت تکمیل پر ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ چین کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

تقریب سے خطاب میں نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ ان دونوں جہازوں کی شمولیت سے ملکی سمندری حدود اور مفادات کا دفاع مزید مضبوط ہوگا۔

ترجمان پاک پحریہ کے مطابق پی این ایس شاہجہاں اور پی این ایس ٹیپوسلطان جدید ہتھیاروں اورسینسرز سے لیس کثیر المقاصد جہاز ہیں۔

دونوں 054 ایلفا طغرل کلاس فریگیٹس چین میں تیار کئے گئے جن کی شمولیت سے پاک بحریہ کے 054 ایلفا کلاس کے جہاز وں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طغرل اور تیمور بحری جہاز پاک بحریہ میں شامل ہو چکے ہیں۔

طغرل کلاس فریگیٹس بنیادی طور پر گائیڈڈ میزائِل فریگیٹس ہیں جو بیک وقت سطح آب اور زیر آب اور فضا میں جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ورٹیکل میزائِل لانچنگ سسٹم سے لیس ٹائپ 054 ایلفا پی فریگیٹس بنیادی طور پر کثیرالمقاصد جہاز ہیں، یہ جدید ترین حربی ساز و سامان اور سینسرز سے لیس ہیں۔

طغرل کلاس فریگیٹس پر سطح سے سطح پر مار کرنے والے سی ایم 302 میزائل نصب کئے گئے ہیں، ان میں سطح سے فضا میں مار کرنے والے ایل وائے 80 میزائل بھی موجود ہیں۔

جدید اینٹی سب میرین وار فئیر اور کومبیٹ مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ طغرل کلاس فریگیٹس بیک وقت کئی خطرات سے نمٹ سکتے ہیں، 134 میٹر طویل، 42 ہزار ٹن ڈسپلیسمنٹ کے ساتھ طغرل کلاس فریگیٹس کی رفتار 27 ناٹس تک ہے۔

طغرل کلاس فریگیٹس پر اینٹی سب میرین وار فئیر کے لئے نائن زی ای سی ہیلی کاپٹر متعین ہوں گے۔

اس ضمن میں چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے اہم ترین جنگی جہاز کے طور پر طغرل کلاس فریگیٹس جنگی صلاحیتوں کے باعث اپنے مدمقابل جہازوں سے کہیں آگے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 2017 میں ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹس کی خریداری کے لئے آرڈر دیا تھا، پاک بحریہ چین سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت 8 جدید ترین ڈیزل الیکٹرک ہنگور کلاس آبدوزیں بھی حاصل کر رہی ہے۔

Pakistan Navy

اسلام آباد