Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا کب اور کہاں ہونے جا رہا ہے؟

پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا
شائع 19 جولائ 2023 07:29pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جے شاہ نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر جے شاہ نے کہا کہ مجھے مینز ایشیا کپ 2023 کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے، جو ایشیائی قوموں کو متحد کرنے اور یکجہتی کی علامت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ آئیں مل کر کرکٹ کا جشن منائیں اور اُن اقدار سے جڑ جائیں جو ہمیں متحد کرتے ہیں۔

شیڈول کے تحت پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ 30 اگست کو پہلا میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا، 31 اگست کو کینڈی میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا، 3 ستمبر کو بنگلادیش اور افغانستان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گے۔

4 ستمبر کو بھارت اور نیپال کا مقابلہ کینڈی میں ہوگا، 5 ستمبر کو افغانستان اور سری لنکا لاہور میں آمنے سامنے ہوں گے۔

اس کے علاوہ سپر 4 مرحلے کا ایک میچ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ سپر 4 مرحلے کے 5 میچ کولمبو میں ہوں گے۔

9 اور 10 ستمبر کو سپر فور مرحلے کے 2 میچ کینڈی میں ہوں گے، سپر فور مرحلے کے 3 میچوں کی میزبانی دمبولا کے پاس ہے۔

ایشیاکپ 2023 کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے ایشیا کپ کے تمام میچ شروع ہوں گے۔

سپر فور مرحلے کے لیے پاکستان پہنچنے والی ٹیمیں کمرشل فلائٹ کے ذریعے سفر کریں گی۔

7 ستمبر کو پاکستان، افغانستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں لاہور سے کولمبو کے لیے روانہ ہوں گی۔

cricket

asian cricket council

Pakistan vs India

jay shah

ASIA CUP 2023

asia cup schedule