دنیا کے ساتھ اچھے روابط کے لیے اہم فیصلے ضروری ہیں، بلاول بھٹو
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کے ساتھ اچھے روابط کے لیے اہم فیصلے ضروری ہیں، کسی بھی گلوبل چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا، گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے وزارت خارجہ نے کردار ادا کیا۔
وزارت خارجہ میں انتظامی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ساتھ اچھے روابط کے لیے اہم فیصلے ضروری ہیں، دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ڈپلومیٹک سروس کے اصول و ضوابط پر پوری طرح عملدرآمد ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی بھی گلوبل چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملکی خارجہ پالیسی میں وزارت خارجہ کا اہم کردار ہوتا ہے، دنیا بھر میں موجود پاکستانی مشنز ملک کے لیے اہم کردار ادا کررہے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پالیسی میں نرمی کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت واضح ہے، ہم ہر ملک سے برابری کی سطح پر برادرانہ تعلقات کے خواہش مند ہیں‘ کوپ 27 کانفرنس میں لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کے قیام کے لیے وزارت خارجہ کا کردار قابل قدر رہا، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے وزارت خارجہ نے اہم اہم کردارادا کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہتری اورسیکیورٹی کے لیے بھی اہم کردار ادا کررہی ہے، جس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزارت خارجہ کے افسران پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، ٹیم ورک سے کسی بھی چیلنج سے نمٹا جاسکتا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ڈپلومیٹک سروس میں شامل ہونے والے نئے افسروں کو زبان و بیان کی تربیت حاصل کرنا چاہیئے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تیزی سے ترقی کرتی دنیا کے ساتھ ہمیں شامل ہونا ہے۔
Comments are closed on this story.